جموں//
وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کو جموںکشمیر کے دورے پر آرہے ہیں۔ وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر جموں صوبے میں کثیر دائروں والی سیکورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے ۔
وزیر اعظم مودی اپنے دورے کے دوران جموں میں پنچایتی راج دیوس منائیں گے‘۳۸۰۸۲کروڑ کی صنعتی ترقی کی تجاویز کا سنگ بنیاد رکھیں گے‘۸۵۰میگاواٹ رتلے پاور پروجیکٹ اور۵۴۰میگاواٹ کے کوار ہائیڈر وپروجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے ۔
وزیر اعظم دورے کے دوران۱۰۰جن اشدوھی کیندر عوام کے لئے وقف کریں گے ، پانچ ایکسپرس ویز کا سنگ بنیاد اور بانہال قاضی گنڈ ٹنل کا افتتاح کریں گے جبکہ دبئی کے کاروباری وفد سے ملاقات کا بھی پروگرام ہے ۔
ذرائع نے بتایا’’وزیر اعظم مودی کے دورہ جموں وکشمیر کیلئے سیکورٹی کے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔جموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ سیکورٹی کی ذمہ داری اسپیشل پروٹیکشن گروپ نے اپنے ذمے لی ہے ‘‘۔
ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ’’وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر تمام سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید بتایا’’جموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر کئی ایک مقامات پر ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ ان ناکوں پر گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے ‘‘۔
جموں شہر میں مختلف سڑکوں بالخصوص ائرپورٹ روڑ پر موبائل چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
جموں کے ائرپورٹ روڑ پر روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والوں نے بتایا کہ اس روڑ پر کئی ایک مقامات پر عارضی چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں نہ صرف گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے بلکہ مسافروں کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جاتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں صوبے میں چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ مشکوک نظر آنے والے افراد کو بغیر چیکنگ کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے جموں دورے پر سبھی کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں کیونکہ بھاجپا کے سینئر لیڈروں کا کہنا ہے کہ دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم کی سیکورٹی پر مامور خصوصی اہلکاروں کا ایک دستہ بھی جموں وارد ہوا ہے جنہوں نے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ بھی کی۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز کہا کہ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران کئی پروجیکٹس کا افتتاح کریں گے اور وہ کئی اہم اعلانات بھی کر سکتے ہیں۔
سہا نے کہا کہ یہاں پنچایتی راج دیوس منانے کے سلسلے میں تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں جن سے میں مطمئن ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پنچاتی نمائندوں سے بھی خطاب کریں گے ۔