تل ابیب//
یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے شراکت داری اور اتفاق رائے کے اصول پر چلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے عبوری دارالحکومت عدن میں حلف برداری کی تقریب کے بعد کہا ہے کہ ہم امن اور ریاست کے اتحاد کے حصول کے لیے کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عالمی برادری اور عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہم بین الاقوامی نیویگیشن کو محفوظ بنانے کے لیے کام کریں گے۔‘
قابل ذکر ہے کہ صدارتی لیڈرشپ کونسل کے صدر رشاد العلیمی اور کونسل کے ارکان نے منگل کو عدن میں پارلیمنٹ کے اجلاس میں حلف اٹھایا۔پیر کوارکان پارلیمنٹ، حکومتی ارکان اور شوریٰ کونسل عدن پہنچی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ یمن کے سابق صدر عبد ربہ منصور ہادی نے ریاض میں خلیج تعاون کونسل کے زیر اہتمام یمنی یمنی مشاورت کے اختتام پر ایک صدارتی حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت اپنے تمام اختیارات ان کے مشیر کی سربراہی میں صدارتی قیادت کونسل کو منتقل کیے گئے تھے۔ نئی صدارتی کونسل کی صدارت رشاد العلیمی کو سونپی گئی ہے۔