جموں//
جموںکشمیر کے ضلع کشتواڑ کے ناگسینی بلاک میں دوران شب شدید بارشوں کے نتیجے میں رہائشی مکان منہدم ہونے سے۳نابینا بھائیوں کی موت جبکہ ان کی ماں اور بہن کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کشتواڑ کے ناگسینی بلاک کے اجنہ علاقے میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب قریب پونے بارہ بجے ایک کان گر آیا جس کے نتیجے میں تین نابینا بھائیوں کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی جبکہ ماں بیٹی کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا۔
ذرائع نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں یہ مکان منہدم ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تینوں بھائیوں کی لاشوں کو ملبے سے نکالا گیا ہے جبکہ ماں بیٹی جو دوسرے کمرے میں سوئی ہوئی تھیں کو بھی زخمی حالت میں نکالا گیا ہے ۔
متوفین کی شناخت۳۲سالہ رویندر کمار‘۳۰سالہ راجیش کمار اور۲۸سالہ ساجن کمار کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس اور سول انتظامیہ کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی ہے ۔
بتادیں کہ قبل ازیں اسی ضلع کے کیشون جنگلاتی علاقے میں۲مئی کو عارضی خیمے پر درخت گر آنے سے بکروال کنبے کے چار افراد از جان ہوئے تھے ۔