سرینگر//
جی ٹونٹی اجلاس کے پیش نظر شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ شمالی اور جنوبی کشمیر میں بھی سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ جمعے کے روز شمالی اور جنوبی کشمیر کے متعدد علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے راہگیروں اور مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جارہے تھے ۔
اطلاعات کے مطابق جی ٹونٹی اجلاس کے پیش نظر جنوبی اور شمالی کشمیر میں سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنا دیا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا ہ جمعے کے روز شمالی اور جنوبی کشمیر کے بعض علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے چیکنگ پوائنٹس قائم کئے جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی تھی۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے مسافروں اور راہگیروں کی جامہ تلاشی کے ساتھ ساتھ ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جارہے تھے ۔معلوم ہوا ہے کہ شمالی اور جنوبی کشمیر میں تعینات سیکورٹی فورسز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ چوبیس گھنٹے متحرک رہے ۔
ذرائع نے مزید بتایا کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر چپے چپے پر سلامتی عملے کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔
پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ شمالی اور جنوبی کشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مشکوک نظر آنے والے افراد کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔
ان کے مطابق امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں زمینی سطح پر کا م کر رہی ہیں اور کسی کو بھی امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔