سرینگر//
شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں پیر کی دوپہر کو سڑک حادثے میں ایک ایمبولینس ڈرائیور کی موت ہو گئی۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے حکام کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ایک منی ایمبولینس کپواڑہ سے کرناہ جا رہی تھی‘ مڈھ مودھ ٹیٹوال کے قریب ڈرائیور کے مبینہ طور پر گاڑی پر سے کنٹرول کھونے کے بعد گہری کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
متوفی کی شناخت ۴۰ سالہ شکور احمد اعوان ولد عبدالرحمان اعوان کے طور پر کرتے ہوئے ایک اہلکار نے مزید بتایا کہ گاڑی میں ڈرائیور کے علاوہ کوئی نہیں تھا۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات کیلئے ایک کیس درج کیا گیا ہے۔
اس دوران شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے تارتھ پورہ گاؤں کے قریب پیر کے روز ایک آرمی گڈ ول اسکول بس کا ایک ۲۴ سالہ کنڈکٹر گاڑی سے گر کر ہلاک ہوگیا۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ کنڈکٹر کی شناخت عظیم احمد شیخ کے طور پر ہوئی ہے، جو سونتی پورہ الوسا کرالپورہ کا رہنے والا ہے، مبینہ طور پر تارتھ پورہ رام ہال علاقے کے قریب چلتی گاڑی سے گر گیا، جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی‘تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی وجہ‘ بس سے گرنے کی وجہ سے یا کوئی اور وجہ سے اس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
اس ضمن میںا یک کیس درج کرکے پولیس نے تحقیقات شروع کی ہے ۔