نئی دہلی/۱۷؍اپریل
ایڈوکیٹ فاروق ریشی جنہوں نے حال ہی میں پولیس افسر کی نوکری چھوڑ دی‘نے سیاست میں آنے کیلئے اتوار کو نئی دہلی میں ورلڈ پیس ہارمنی کے چیئرمین حاجی شکیل سیفی سے ملاقات کی۔
ایک گھنٹہ طویل ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے جموں و کشمیر کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ایک بیان کے مطابق سیفی نے مہمان رہنما کو بتایا’’۵؍اگست ۲۰۱۹ کے بعد جموں و کشمیر ایک نئے دور کا مشاہدہ کر رہا ہے جس میں ترقی، امن اور دہشت گردی سے پاک فضا شامل ہے‘‘ ۔
سیفی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ کی طرف سے چلائی جا رہی مضبوط اور آگے کی جانب بڑھنے والی پالیسیوں نے نوجوانوں کے لیے نئے راستے کھولے ہیں اور بدلتی ہوئی صورت حال کو نوجوان کھلے ہاتھ سے قبول کر رہے ہیں۔
سیفی نے کہا’’آج لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ اور یو ٹی میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن جنگ شروع کر دی ہے اور جلد ہی یہ خطہ کسی بھی دہشت گردانہ سرگرمیوں سے پاک ہو جائے گا اور لوگ ترقی اور نمو کے ایک نئے دور کا مشاہدہ کریں گے‘‘۔
دونوں لیڈروں نے جموں و کشمیر میں خاندانی سیاست کو ختم کرنے پر اتفاق کیا اور خاندانی سیاست کو ایک بڑی لعنت کے طور پر درج کیا جس سے یو ٹی متاثر ہوئی تھی۔
دونوں لیڈروں نے کہا’’خاندانی سیاست نے جموں و کشمیر کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ چھین لیا تھا کیونکہ خاندانی سیاست کرنے والے عوام کے پیسے کو لوٹنے اور صرف اپنے لیے اثاثے بنانے میں یقین رکھتے تھے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ان سیاست دانوں کورخصت کرنے کا وقت آگیا ہے جنہوں نے جموں و کشمیر کو اس تبدیلی کا حصہ نہیں بننے دیا جس کا مشاہدہ پوری قوم نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کیا ہے۔
سیفی نے کہا’’آج لاکھوں سیاح کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں اور موجودہ امن انہیں ایک ایسا ماحول فراہم کر رہا ہے جو خوف یا کسی بھی دھمکی سے پاک ہو‘‘۔
انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی تعریف کی جو نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے اور جموں و کشمیر کو امن اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے راستے ابھرنا شروع ہو گئے ہیں اور بہت جلد ایسی صورت حال پیدا ہو جائے گی جہاں کوئی خالی نہیں بیٹھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ وادی کشمیر میں منشیات کی لعنت پر قابو پانے کی جنگ کو جلد ہی منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اوریوٹی بندوق اور منشیات کے کلچر دونوں سے پاک ہوگی۔