سرینگر//
نا ساز گار موسمی حالات کے پیش نظر حکام نے لوگوں اور سیاحوں کو سنتھن اور مرگن پاس سڑکوں پر۸؍اور۹ مئی کو سفر کرنے سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے ۔
حکام کی طرف سے جاری ایک ایڈوائزری میں لوگوں سے اور سیاحوں سے تاکید کی جاتی ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے احتراز کریں جہاں مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آنے کے خطرات رہتے ہیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا’’محکمہ موسمیات کی بھاری بارشوں اور بالائی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کے پیش نظر تحصیل لارنو کے لوگوں اور غیر مقامی سیاحوں سے تاکید کی جاتی ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے احتراز کریں جہاں مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آنے کے خطرات رہتے ہیں‘‘۔
ایڈوئزری میں مزید کہا گیا’’بارشوں‘گرج چمک اور برف باری کے باعث سنتھن پاس اور مرگن پاس سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے جس کے پیش نظر لوگوں سے تاکید ہے کہ وہ ۸؍اور۹مئی کو ان سڑکوں پر سفر کرنے سے پر ہیز کریں‘‘۔
دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر سنتھن اور مرگن سڑکیں۸مئی کو بند رہیں گی‘‘۔انہوں نے عوام سے ندی نالوں اور دریائوں کے نزدیک جانے سے پرہیز کرنے کی تاکید کی۔