چنڈی گڑھ// ہریانہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر اوم پرکاش دھنکھڑ نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کی منڈیوں میں آنے والی فصل کا ہر دانہ خریدے گی۔
مسٹر دھنکھڑ نے جمعرات کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ کسان منڈیوں میں آرام سے اپنی فصلیں بیچ رہے ہیں۔ حکومت بارش اور ژالہ باری سے فصل کے نقصان کی تلافی بھی کر رہی ہے ۔ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے تحت کسانوں کو اب تک 9886.27 کروڑ روپے کا معاوضہ دیا گیا ہے ۔ ریاست کے 26.49 لاکھ کسانوں کو اس کا فائدہ ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی وجہ سے بد رنگ ہونے والے اناج کی قیمت میں کٹوتی کی ادائیگی بھی حکومت برداشت کر رہی ہے ۔ ویلیو کٹ کا پیسہ کسانوں کے کھاتوں میں جا رہا ہے ۔
اپوزیشن پارٹیوں پر طنز کرتے ہوئے ریاستی بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس جھوٹ کا ذخیرہ ہے ۔ جب ان کے لیڈر منہ کھولتے ہیں تو کھلا جھوٹ نکلتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ کی سیاست کے دن ختم ہو چکے ہیں۔ پچھلی حکومتوں نے صرف کسانوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا کام کیا ہے اور انہیں دھوکہ دے کر ووٹ حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر 14 فصلیں خریدی ہیں۔ گندم اور دھان کے ساتھ ساتھ حکومت 367 منڈیوں کے ذریعے تیل کے بیج، باجرہ، مونگ اور دیگر غذائی اجناس بھی خرید رہی ہے ۔