نئی دہلی//
کانگریس نے پارٹی کے سابق لیڈر غلام نبی آزاد پر حملہ بولتے ہوئے انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کا وفادار قرار دیا اور کہا کہ یہ ان کا اصل کردار ہے اور اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔
کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے پیر کو ایک ٹویٹ میں مسٹر آزاد پر حملہ کرتے ہوئے کہا ’’ہر گزرتے دن کے ساتھ، غلام نبی آزاد اپنے حقیقی کردار اور مسٹر مودی کے ساتھ اپنی وفاداری کی نئی گہرائیوں میں اتر رہے ہیں۔ ہر روز ان کے دھوکہ کی حد بڑھ رہی ہے اور مودی کیلئے وہ وفاداری ظاہر کرنے کیلئے مسلسل اپنی سطح سے گرتے جارہے ہیں‘‘۔
رمیش نے کانگریس قیادت پر آزاد کے حملے کے تعلق سے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا’’کانگریس قیادت پر ان کے گھٹیا بیانات خبروں میں آنے کے لیے ان کی بے چینی اور ان کا حقیقی کردار ہے ۔ آزاد نے کانگریس کے ساتھ اپنے کئی دہائیوں پرانے تعلقات کوتوڑاہے اورخود کی ڈیموکریٹک آزاد پارٹی(ڈی اے پی بنائی)اس پر ان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔
ترجمان نے کہا’’کانگریس چھوڑنے کے بعد سے ہی وہ پارٹی کے کام کاج پر سوال اٹھا رہے ہیں اور گاندھی خاندان کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ کانگریس قیادت کے بارے میں ان کے توہین آمیز بیانات متعلقہ رہنے کی ان کی مایوسی کو ظاہر کرتے ہیں۔ میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ قابل رحم ہیں۔‘‘