جموں//
جموںکشمیر کے ضلع رام بن کے سناسر میں واقع ۴۰کنال اراضی پر محیط باغ گل لالہ کو ہفتے کے روز سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا۔
جموں وکشمیر کئے لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے اس ٹیولپ گارڈن کو لوگوں کے کھولنے کی رسم انجام دی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گذشتہ کچھ برسوں سے جموں کشمیر کا شعبہ سیاحت تیزی سے ترقی پذیر ہے ۔
سنہانے کہا کہ سال گذشتہ ملک وبیرون ملک سے ایک کروڑ۸۸لاکھ سیاح جموں و کشمیر آئے جس سے میں سمجھتا ہوں کہ آزادی کے بعد سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے ۔
ایل جی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں وکشمیر تعمیر ترقی میں ملک میں اپنی خاص جگہ بنا رہا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس سال بھی صرف پہلے دو مہینوں جنوری اور فروری میں زائد از۲۰لاکھ سیاح جموں و کشمیر آچکے ہیں یہ بھی ایک نیا ریکارڈ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے ٹورزم سیکٹر میں سناسر ٹولپ گارڈن کا بھی بڑا رول ہوگا اور یہ اس باغ سے جڑے تمام لوگوں کیلئے ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے ۔
متعلقہ حکام کے مطابق اس باغ میں مختلف قسموں کے۲لاکھ۷۲ہزار ٹلپ لگا دئے گئے ہیں جو سیاحوں کی آمد کے منتظر ہیں۔
سنہانے کہا کہ محکمہ باغبانی کی طرف سے تیار کئے گئے اس باغ گل لالہ کو ماہ مارچ کے اواخر میں سیاحوں کیلئے کھلنے والا تھا لیکن خراب موسمی حالات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی۔
ایل جی کا کہنا تھا کہ پہلے باغ صرف چار کنال اراضی پر پھیلا ہوا تھا لیکن توسیع کی گئی اور اب یہ۴۰کنال اراضی پر محیط ہے ۔
سنہانے کہا کہ جموں کشمیر کو ایک جدید اور سمارٹ سیاحتی مقام کے طور پر تیار کرنے کیلئے اس سال سیاحت کے شعبے کیلئے۴۴۷کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانبہ قلعہ ، ہری پربت اور جنرل زوراور سنگھ پیلس کی بھی تزئین و آرائش کی جائے گی تا کہ قدیم ثقافتی ورثے کو بحال کیا جا سکے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں ، پی آر آئی کے نمائندوں اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گرام پنچائتوں کیلئے ترقیاتی منصوبہ تیار کرنے کیلئے ۱۰؍ اپریل کو جموں کشمیر کی تمام حلقہ پنچائتوں میں منعقد ہونے والی گرام سبھا میٹنگوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔
سنہا نے کہا کہ سنا گاؤں سے سنا سر تک۵ء۲کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر کو دو ماہ میں منظوری دی جائے گی ۔
کھیل کے میدان کے مسئلے پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ رام بن میں۵۰کنال اراضی پر کھیل کے میدان کی ترقی کیلئے جلد ہی ٹینڈر جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ نوجوانوں کیلئے ریلوے گراؤنڈ پر کھیلوں کا انفراسٹرکچر تیار کیا جائے گا ۔
قابل ذکر ہے کہ سرینگر میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کو۱۹مارچ سے سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے ۔