کولکتہ، // کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے شکیب الحسن کی جگہ انگلینڈ کے بلے باز جیسن رائے کو آئی پی ایل 2023 کی ٹیم میں شامل کیا ہے بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل کے اس سیزن میں حصہ نہیں لے رہے ہیں جب کہ کے کے آر کے کپتان شریاس آئر بھی کمر کی سرجری کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ایسے میں ٹیم نے رائے کو 2.8 کروڑ روپے میں طلب کیا ہے، جب کہ ان کی اصل قیمت 1.5 کروڑ روپے تھی۔
رائے اس سے قبل آئی پی ایل کے 2017، 2018 اور 2021 کے سیزن میں کھیل چکے ہیں۔ وہ آخری بار سن رائزرس حیدرآباد کے لیے 2021 میں کھیلتے ہوئے نظر آئے تھے۔ انہوں نے اس سیزن میں پانچ میچ کھیلے اور ایک نصف سنچری سمیت 150 رنز بنائے تھے۔
رائے نے انگلینڈ کے لیے 64 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے ہیں جس میں 137.61 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1522 رنز بنائے ہیں جن میں آٹھ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔