نئی دہلی// کانگریس نے کہا کہ ایک ذمہ دار اپوزیشن کے طور پر پارٹی نے پارلیمنٹ سے لے کر سڑک تک عوامی مفاد میں اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے اور اسی بنیاد پر پارٹی اس سال ہونے والے اسمبلی انتخابات اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں پورے اعتماد کے ساتھ عوام کے درمیان جائے گی۔
کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی کی ہر سرگرمی عوام کے جذبات کے حق میں رہی ہے اور اس نے حکومت کو کئی بار عوام کے مفاد میں قدم اٹھانے پر مجبور کیا ہے ۔ عوامی مفاد کے مسائل پر پارلیمنٹ سے سڑک تک ان کا گھیراؤ بھی کیا ہے ۔ ہر تحریک اور عوام کے ہر مسئلہ پر کانگریس عوام کے ساتھ کھڑی رہی اور ان کا ساتھ دیا اور اس سے پارٹی میں مزید اعتماد پیدا ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں اپوزیشن جمہوریت کو بچانے کا ایک مضبوط طریقہ کار ہوتی ہے اور کانگریس نے پارلیمنٹ میں عوام کی آواز بن کر مسلسل ایک مضبوط اپوزیشن کے طور پر اہم رول ادا کیا ہے ۔ پارلیمنٹ میں ملکی مفاد سے متعلق مسائل پر حکومت کو جھکنے پر مجبور کیا اور سڑکوں پر دنیا کی سب سے بڑی عوامی مہم چلائی۔ حکومت نے پارلیمنٹ میں آمرانہ رویہ اپنا رکھا ہے ۔ اپوزیشن رہنماؤں کی تقاریر سے اقتباسات نکال دیے گئے ، اظہار رائے کی آزادی نہیں دی گئی، اپوزیشن کے مسائل کو اہمیت نہیں دی گئی اور بڑی اکثریت کا فائدہ اٹھانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔اس کے باوجود کانگریس کی آواز دبائی نہیں جا سکی۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ ان کی پارٹی نے نہ صرف پارلیمنٹ میں بلکہ سڑکوں پر بھی اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا ہے ۔ پارلیمنٹ میں اور پارلیمنٹ کے باہر عوام کی آواز بنی اور ان کے سوالات اٹھائے ہیں۔ ادے پور چنتن شیویر میں بھارت جوڑو یاترا نکالنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کے چند ماہ بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک پیدل یاترا کی، جو ملک میں لوگوں سے بات چیت کرکے دنیا کی سب سے بڑی عوامی تحریک بنی۔
انہوں نے پارٹی کی سرگرمیوں اور اپوزیشن پارٹی کے کامیاب کردار کا ذکر کیا اور کہا کہ کانگریس میں جمہوریت کس طرح مضبوط ہے اس کی مثال کانگریس صدر کا کامیاب انتخاب ہے جس میں 9000 مندوبین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور کامیابی کے ساتھ کانگریس صدر کا انتخاب کیا۔ اس الیکشن میں تمام طبقات کے نمائندوں نے حصہ لیا اور پارٹی کے صدر کا انتخاب جمہوری طریقے سے مکمل ہوا۔ اسی طرح پارٹی نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا کردار کامیابی سے نبھایا، بھارت جوڑو یاترا کا کامیابی سے انعقاد کیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، رائے پور میں جنرل میٹنگ کا انعقاد کیا اور اب عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کے لیے پورے ملک میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم چل رہی ہے ۔