بیونس آئرس// اسپین کے نوجوان سنسنی کارلوس الکاراز نے یہاں ارجنٹینا اوپن کے فائنل میں برطانیہ کے کیمرون نوری کو سیدھے سیٹوں میں شکست دے کر اے ٹی پی 250 ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا۔
اس ٹورنامنٹ کے ذریعے تقریباً تین ماہ بعد بین الاقوامی ٹینس میں واپسی کرنے والے الکاراز نے کورٹ گیلرمو ولاس پر اپنا نشان چھوڑتے ہوئے نوری کو ایک گھنٹہ 33 منٹ میں 6-3، 7-5 سے شکست دی۔
ٹاپ سیڈ 19 سالہ الکاراز گزشتہ ستمبر میں یو ایس اوپن جیت کر عالمی رینکنگ میں ٹاپ پر پہنچنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔ تاہم اس غیر معمولی کارنامے کو انجام دینے کے بعد وہ پیٹ میں تکلیف کے باعث پیرس ماسٹرز سے باہر ہو گئے، جبکہ پاؤں کی چوٹ کے باعث انہیں آسٹریلین اوپن سے باہرہوناپڑا۔
الکاراز کے کورٹ سے دور رہنے کے دوران، سربیا کے لیجنڈ نوواک جوکووچ نے آسٹریلیا میں گرینڈ سلیم جیت کر ٹاپ رینکنگ حاصل کی۔ اسپین کے نوجوان نے، تاہم دوبارہ نمبرایک رینکنگ کی جانب مضبوط قدم بڑھاتے ہوئے ارجنٹائن اوپن کی اپنی مہم میں صرف ایک سیٹ گنوایا۔
الکاراز نے میچ کے بعد کہا، ’’یہ میرے لیے ایک بہترین ہفتہ رہا ہے۔ طویل عرصے کے بعد کھیل میں واپسی کرتے ہوئے یہ ہفتہ خواب جیسا رہا۔ بیونس آئرس آکر میں نے جو سطح دکھائی وہ حیرت انگیز اور واقعی خاص ہے۔ یہ ایک جذباتی ہفتہ بھی رہا ہے۔ میں جانتا تھا کہ مجھے پرسکون رہنے اور اپنے موقع کا انتظار کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ ایک زبردست میچ تھا۔ الکاراز، جو رینکنگ میں جوکووچ سے صرف 590 پوائنٹس کی دوری پر ہیں، نے کہا کہ وہ اپنے لیول سے خوش ہیں۔ انہوں نے کہا، “میں فائنل کھیلنے میں بہت آرام محسوس کررہا تھا۔ میں جانتا تھا کہ یہ واقعی مشکل ہونے والا ہے۔ میں نے اس بات پر توجہ مرکوز کرنا شروع کی کہ مجھے شروع میں کیا کرنے کی ضرورت تھی۔ مجھے فائنل میں اس سطح پر کھیلنا ہے۔”