جموں//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ وہ دن دور نہیں ہے جب تمام کشمیری پنڈت اپنے گھر واپس لوٹیں گے۔
سنہا نے کہا کہ جن کشمیری پنڈت ملازمین نے ڈیوٹی جوائن کی اْن کی تنخواہیں واگزار کی گئی ہیں۔
ان باتوں کا اظہار منوج سنہا نے جمعرات کو جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
سنہا نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب تمام کشمیری پنڈت اپنی آبائی سر زمین پر لوٹیں گے۔ایل جی منوج سنہا نے کہا کہ پی ایم پیکیج کے تحت کام کرنے والے جن ملازمین نے کشمیر میں ڈیوٹی جوائن کی اْن کی تنخواہیں واگزار کی گئیں ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مطابق کشمیری پنڈت ملازمین کو معقول سکیورٹی فراہم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سرینگر کے پانتھ چوک علاقے میں ایک یاتری نواس تعمیر کیا گیا اور اس سے اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔
بتادیں کہ کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ کے بعد بعض کشمیری پنڈت ملازمین جموں منتقلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔پچھلے کئی مہینوں سے کشمیری پنڈت ملازمین جموں میں احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
جمعرات کے روز بھی کشمیری پنڈت ملازمین نے جموں میں اجرتوں کی واگزاری کو لے کر احتجاجی دھرنا دیا۔
جموں و کشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کشمیری پنڈت ملازمین کو یقین دلایا کہ اْن کے سبھی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی لیکن کشمیری پنڈتوں کا کہنا ہے کہ سرکار اْن کی جائز مانگوں کو پورا نہیں کر رہی ہیں۔
کشمیری پنڈت ملازمین کے مطابق کشمیر میں جب حالات پوری طرح سے معمول پر آئیں گے تو وہ وہاں پر اپنے فرائض انجام دینے کے لئے تیار ہیں فی الحال سوشل میڈیا سائٹوں پر دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں جس کے پیش نظر کشمیری پنڈت ملازمین کو جموں کے دفاتر کے ساتھ منسلک کیا جانا چاہئے۔
جموں وکشمیر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پیکیج کے تحت تعینات سبھی کشمیری پنڈت ملازمین نے ڈیوٹی جوائن کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار نے کشمیری پنڈت ملازمین کے سبھی جائز مسائل کو حل کیا۔
دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جگتی کالونی اور مائیگرنٹ کیمپ بوٹانگرمیں۳روزہ مہا شیوراتری مہااُتسو میں شرکت کی۔
ریلیف آرگنائزیشن نے کیمپوں اور غیر کیمپ علاقوں میں کشمیری پنڈت کمیونٹی کی سہولیت کیلئے مہاشیوراتری مہااُتسو کیلئے۲۰لائن ڈیپارٹمنٹس کو اِکٹھا کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مہاشیوراتری کی پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار کشمیری ثقافت اور ملک کے روحانی ثقافتی ورثے کا فیسٹول ہے۔
سنہا نے کہا کہ یہ ہماری قدیم اَقدار او راخلاقیات کی علامت ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک او ردُنیا کے مختلف حصوں میں رہنے والے کشمیر ی پنڈت بھائیوںاور بہنوں نے اِس روایت کو زندہ رکھا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’ کشمیری پنڈتوں کا مہاشیوراتری یا ہیرتھ سب سے اہم تہوار ہے اور اس تہوار کو مناسب طور پر ’’ولِیو سمو۔ چلو ایک ساتھ چلیں‘‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ یہ ریلیف اینڈ ری ہیبلٹیشن محکمہ کا ایک خوش آئند قدم ہے۔‘‘
سنہا نے کہا کہ ہمارے تہوار بھی خود بیداری کا ذریعہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ میں بھگوان شیو سے سب کی خوشی، خوشحالی ، اَچھی صحت او رتندرستی کیلئے دعا کرتا ہوں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مہاشیوراتری کے تہوار کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام پی ایم پیکیج اور دیگر اقلیتی کمیونٹی کے ملازمین کی مکمل تنخواہیں جاری کی گئی ہیں جنہوں نے کشمیر میں اَپنی ڈیوٹی دوبارہ شروع کی ہے۔
سنہا نے کشمیری پنڈت کمیونٹی کو ان کی دہلیز پر بغیر کسی رُکاوٹ کے عوامی خدمات کی فراہمی میں توسیع کیلئے اِنتظامیہ کے اَقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مائیگرنٹ کشمیری پنڈت کمیونٹی کے تمام مسائل کو ان کے حل کیلئے اِنتہائی حساسیت کے ساتھ اُٹھایا جارہا ہے۔
سنہا نے کہا کہ سپیشل گورننس کیمپ کشمیری پنڈت کیمونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے ہمارے عزم کا ثبوت ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ ریلیف اینڈ رِی ہیبلٹیشن محکمہ اور دیگر لائن ڈیپارٹمنٹس تمام سماجی تحفظ کی سکیموں ، اَنٹرپرینیور شپ ڈیولپمنٹ سکیموں اور ہنرمندی کے پروگراموں کے فوائد کی صد فیصد اہداف کو یقینی بنارہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کشمیر ی پنڈت کمیونٹی کے تمام ممبران پر زور دیا کہ وہ خصوصی کیمپوںسے اِستفادہ کریں۔ اِنتظامیہ تمام حقیقی مسائل کو حل کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آپ کے مسائل اور شکایات کو فوری او رمؤثر طریقے سے حل کرنے کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔
سنہا نے کہا کہ حکومت جموںوکشمیر ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔آپ کی حفاظت ہماری اوّلین ترجیح ہے اور ہم اسے یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں ۔اُنہوں نے کہاکہ یہ مرکزی حکومت اور وزیر اعظم کا عہد ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آپ نے تین دہائیوں تک بہت تکلیفیں برداشت کیں ۔ میری دعا ہے کہ وہ دِن آئے جب تم عزت کے ساتھ اَپنے گھروں کو لوٹو۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ آپ کی واپسی سے کشمیر کو اپنی کھوئی ہوئی شان مل جائے گی۔
سنہا نے کشمیر میں پی ایم پیکیج کے ملازمین کے لئے ہائوسنگ یونٹوں کی تعمیر کی پیش رفت کا بھی اشتراک کیا۔
ایل جی نے کہا کہ پہلے ۶ہزارمکانات کی تعمیر کے لئے زمین کاحصول مشکل تھا لیکن اَپ زمین کی نشاندہی کی گئی ہے اور دو جگہوں کو چھوڑ کر کام شدو مد سے جاری ہے ۔اُنہوں نے بتایا کہ اپریل تک ۱۲۰۰ مکانات او ردسمبر تک زائد اَز ۲۵۰۰مکانات حوالے کئے جائیں گے۔
اِس موقعہ پر ۴؍ فروری کو سپیشل گورننس کیمپ کے دوران مختلف سکیموں کے لئے شناخت کئے گئے اِستفادہ کنند گان کو اِمداد اور اَتھارٹی لیٹر بھی حوالے کئے گئے۔
اِس موقعہ پر اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، کمشنر ریلیف اینڈ ری ہیبلٹیشن کے کے سدھا اور دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔