بنگلورو// باصلاحیت اوپنر اور کپتان مینک اگروال (249) کی ڈبل سنچری کی بدولت کرناٹک نے جمعرات کو رنجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں سوراشٹرا کے خلاف آل آؤٹ ہونے سے پہلے 407 رن بنالئے۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے سے پہلے سوراشٹرا نے 76 رن بناکر دو وکٹ گنوا دیئے ہیں۔
مینک نے اپنے پہلے دن کی سنچری کو جارحانہ انداز میں ڈبل سنچری میں تبدیل کیا۔ ان کے پچھلے دن کے ساتھی سری نواس شرتھ 66 کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، جس کے بعد مینک نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ اہم شراکت داریاں قائم کیں۔ مینک نے وجے کمار (چھ رن) کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 22 رن جوڑنے کے بعد ودھوت کیرپا (15) کے ساتھ 91 رن کی قیمتی شراکت داری کی۔ کیورپا کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی مینک نے سوراشٹرا کے گیند بازوں پر حملے جاری رکھے، حالانکہ کچھ دیر بعد وہ بھی رن آؤٹ ہو کر پویلین چلے گئے۔
مینک نے اپنی دلیرانہ اننگز میں 429 گیندوں میں 28 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 249 رن بنائے۔ دن کا کھیل ختم ہونے سے پہلے، کیورپا نے سوراشٹرا کو دو جھٹکے دیتے ہوئے اسنیل پٹیل (0) اور وشوراج جڈیجہ (22) کو پویلین بھیج دیا۔ ہاروک دیسائی اور شیلڈن جیکسن 27-27 رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔