سرینگر/۱۹جنوری
شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہونے کے بیچ سری نگر اور وادی کے دوسرے حصوں میں جمعرات کی صبح جب لوگ نیند سے جاگے تو ان کے استقبال کےلئے برف کی مہین سی چادر بچھی ہوئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں دوران شب 0.5 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب 3.0 سینٹی میٹر اور 3.6 سینٹی میٹر اور کپوارہ میں 1.0 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے ۔
ادھر مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے ۔
دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 5 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی11.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی11.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔