کرائسٹ چرچ// آسٹریلوی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میگ لیننگ کو آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ 2022 کی اپسٹاکس موسٹ ویلیو ایبل ٹیم کی کپتان نامزد کیا گیا ہے، جنہوں نے شاندار قیادت کرتے ہوئے اور ٹورنامنٹ میں 394 رن بناتےہوئے اپنی ٹیم کو ساتواں عالمی کپ دلایاہے۔
‘پلیئر آف دی ٹورنامنٹ ایلیسا ہیلی سمیت چار آسٹریلوی کھلاڑی موسٹ ویلیو ایبل ٹیم میں شامل ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز ہیلی نے ناک آؤٹ مرحلے میں دو سنچریاں اسکور کی تھیں جن میں فائنل میں شاندار 170 رنزکی شانداراننگ بھی شامل ہے۔
ٹیم کا انتخاب آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلے کی طرف سے بنائے گئے ایک پینل کے ذریعے کیا گیاہے، جس میں کمنٹیٹر لیزا اسٹالیکر، ناصر حسین اور نتالی جرمنوس اور صحافی آلوک گپتا و کرسٹی ہیول شامل ہیں۔
موسٹ ویلیو ایبل ٹیم میں آسٹریلوی نائب کپتان ریچل ہینس بھی شامل ہیں، جنہوں نے 497 رنز کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ رن اسکوررکے طورپر ٹورنامنٹ ختم کیا ہے۔ وہیں بیتھ مونی کو 110 کی اوسط سے 330 رنز بنانے کے سبب چھٹے کھلاڑی کے طورپر منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں دو شاندار کیچ بھی لیاتھا۔
اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کی لورا وولوارڈٹ کو سلامی بلے باز کے طور پر ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ ان کی پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے جنوبی افریقی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔ ان کے علاوہ جنوبی افریقہ کی آل راؤنڈر ماریزان کپ اور فاسٹ بولر شبنم اسماعیل بھی ٹیم میں موجود ہیں۔ ماریزان نے ٹورنامنٹ میں 12 وکٹوں اور 203 رنز کے ساتھ شاندار آل راؤنڈرمظاہرہ کیا تھا۔ انہیں دو بار ‘پلیئر آف دی میچ بھی قرار دیا گیاتھا، جبکہ اسماعیل نے 14 وکٹوں کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ وکٹ ٹیکرکے طور پر ٹورنامنٹ ختم کیا ہے۔