گنگٹوک//
ایک المناک حادثے میں ۱۶ہندوستانی فوج کے جوان جمعہ کو اس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کی گاڑی شمالی سکم کے جیما میں گہری کھائی میں گر گئی۔
وزارت دفاع کے ترجمان نے یہ اطلاع دی۔
ترجمان نے کہا کہ مرنے والوں میں تین جونیئر افسر اور۱۳جوان ہیں۔ حادثے میں چار دیگر زخمی بھی ہوئے ۔ زخمی جوانوں کو ہوائی جہاز سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔
دفاعی ترجمان نے کہا کہ جس ٹرک کو حادثہ پیش آیا وہ تین گاڑیوں کے قافلے کا حصہ تھا جو صبح چٹن سے تھنگو کے لیے روانہ ہوا تھا۔ اس دوران گاڑی۹۳۴۲فٹ کی بلندی پر واقع جیما میں ایک تنگ موڑ سے گزرتے ہوئے کھائی میں گر گئی۔ واقعہ کے فوری بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔
ترجمان نے کہا ’’ہندوستانی فوج غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔‘‘