کراچی// پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں کی ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے مڈل آرڈر بلے باز کامران غلام اور تیز گیند باز حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بدھ کو ایک ریلیز میں کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے دوران گھٹنے کی انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہوں گے۔
کندھے کی انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آخری دو میچوں سے باہر ہونے والے نسیم شاہ کی فٹ ہونے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ نسیم کے ساتھ زخمی ہونے والے حارث رؤف بھی مکمل فٹ نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر رہیں گے۔
خیبرپختونخوا کے 27 سالہ بلے باز غلام اس سیریز میں پاکستان کے لیے ڈیبیو کر سکتے ہیں۔ انہیں ایک سال قبل بنگلہ دیش کی ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن اس وقت وہ الیون میں جگہ نہیں بنا سکے۔ غلام نے 44 فرسٹ کلاس میچ کھیلے، 47.36 کی اوسط سے 3268 رنز بنائے جس میں 10 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
دوسری جانب حسن کی پانچ ماہ بعد پاکستانی ٹیم میں واپسی ہو رہی ہے، انہوں نے جولائی میں سری لنکا کے خلاف آخری ٹیسٹ کھیلا تھا۔
انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز میں کھیلنے والے فاسٹ بولر محمد علی اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کو اس سیریز کے لیے ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔ پی سی بی نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ ‘پاکستان کپ’ میں شرکت کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 26 دسمبر سے کراچی میں ہوگا جب کہ سیریز کا دوسرا میچ 3 جنوری سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ: بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، آغا سلمان، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، نعمان علی، سرفراز احمد، سعود شکیل، شان مسعود اور زاہد محمود۔