کیلی فورنیا// ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار کرکٹر شیو نارائن چندر پال 2023 انڈر 19 خواتین ورلڈ کپ کے بعد امریکی خاتون ٹیموں کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفی دے سکتے ہیں۔
امریکہ کرکٹ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ چندر پال موجودہ صورتحال اور بورڈ کے پیشہ ورانہ انداز کے فقدان سے ناخوش ہیں، حالانکہ چندر پال نے خود ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
امریکہ کرکٹ کے ایک ذریعہ نے کہا ’’یہ واقعی بدقسمتی کی بات ہے کہ چندر پال انڈر 19 ورلڈ کپ کے بعد ہیڈ کوچ کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ایک کھلاڑی کے طور پر ان کا تجربہ اور بطور کوچ ان کی مہارت بہت اہمیت کی حامل رہی ہے اور انہوں نے امریکی خواتین کی ٹیم کے کوچ کے طور پر ان کے ابتدائی دور میں نتائج دکھانا شروع کر دیے تھے‘‘۔
انہوں نے کہا ’’امریکی کرکٹ کی گورننگ باڈی 2018 کے دوران اپنے قیام کے بعد سے کچھ نقصانات سے مستحکم ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ کئی کوچ، منتظمین اور منتخب آزاد ڈائریکٹرز چھوڑ کر جاچکے ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ اس موڑ پر شیو نارائن کو کھونا امریکی کرکٹ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے‘‘۔
امریکہ کرکٹ کے ملٹی ڈسپلنری کوچ جتن پٹیل اور چندر پال اٹلانٹا کرکٹ لیگ (اے سی ایل) کی سالانہ تقریب میں شرکت کر رہے تھے، جہاں پٹیل نے بتایا کہ چندر پال اپنا کوچنگ معاہدہ ختم کر سکتے ہیں۔
پٹیل نے امریکہ کی کرکٹ کے مستقبل پر بات چیت کے دوران کہا ’’پہلے ہی کئی معروف کوچ نئے بورڈ کے آنے کے بعد سے قومی ٹیم سے الگ ہوگئے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ جنوبی افریقہ انڈر۔ 19 عالمی کپ کے بعد شیو نارائن اپنے معاہدے کی تجدید کریں گے۔ میں نے شیو نارائن چندر پال کے منیجر جیرن چاکو سے بات کی ہے اور وہ خواتین کے انڈر 19 ورلڈ کپ کے بعد چندر پال کے معاہدے میں توسیع یا تجدید پر غور نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ چندر پال امریکی خواتین کی ٹیم اور انڈر 19 خواتین کی ٹیم کے کوچ ہیں۔ سال 2022 چندر پال کے لیے بطور کوچ بہترین سالوں میں سے ایک رہا ہے۔ جولائی 2022 میں، اس نے کیریبین میں امریکہ انڈر 19 خواتین کی ٹیم کی قیادت کی، جبکہ ستمبر 2022 میں، جمیکا تلاواہ نے ان کی قیادت میں کیریبین پریمیئر لیگ جیتی۔