اشک آباد/نئی دہلی//صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے وسطی ایشیائی ملک ترکمانستان کے دورے کے دوران ہفتہ کو دونوں فریقوں کے درمیان چار معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
مسٹر کووند ترکمانستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ یہ کسی ہندوستانی صدر کا ترکمانستان کا پہلا دورہ ہے۔
مسٹر کووند اور میزبان صدر سردار بردی محمدو کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے نمائندوں نےچار معاہدوں پر دستخط کئے۔ ان معاہدوں میں ترکمانستان کی وزارت خزانہ اور اقتصادی امور کی مالیاتی نگرانی سروس اور ہندوستان کی وزارت خزانہ کے مالیاتی انٹیلی جنس یونٹ کے درمیان تعاون، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں تعاون، ثقافت اور فنون کے شعبے میں 25-2022 تک تبادلے کا معاہدہ اور دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں اور نوجوانوں کے امور میں تعاون کا معاہدہ شامل ہے۔