کراچی// انگلینڈ نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کھیلنے والے ریحان احمد (48/5) کے پنجوں کی بدولت تیسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پیر کو پاکستان کو 216 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ انگلینڈ نے 167 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دن کا کھیل ختم ہونے پر دو وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا لیے ہیں اور وہ فتح سے صرف 55 رنز کی دوری پر ہے۔
پاکستان نے تیسرے دن کا آغاز 21 رنز پر کیا اور لگاتار تین وکٹیں گنوا کر انگلینڈ کی 50 رنز کی برتری ختم کر دی۔
ابتدائی جھٹکوں کے بعد کپتان بابر اعظم اور سعود شکیل نے پاکستان کی اننگز کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کے لیے 110 رنز کی شراکت قائم کی۔ بابر نے میچ میں اپنی دوسری نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 104 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے جبکہ سعود نے 133 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے وکٹ پر 35 اوورز کھیلنے کے بعد پاکستان مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہا تھا لیکن ریحان احمد انگلینڈ کو میچ میں واپس لے آئے۔
ریحان نے بابر اور سعود کے بعد محمد رضوان (07)، آغا سلمان (21) اور محمد وسیم جونیئر (02) کو بھی آؤٹ کیا۔ پاکستان آخری سات وکٹوں پر صرف 52 رنز کا اضافہ کر سکا اور 216 رنز پر آؤٹ ہو گیا۔
انگلینڈ کے لئے ہدف کے تعاقب میں زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے ٹی ٹوئنٹی جیسی بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ اوورز میں 58 رنز بنائے۔ کرولی نے پہلی گیند پر چوکا لگا کر اننگز کا آغاز کیا جبکہ ڈکٹ نے بھی چوکا لگا کر اپنا کھاتہ کھولا اور دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 87 رنز کی شراکت داری کی۔
کرولی (41) اور ریحان (10) دن کا کھیل ختم ہونے سے پہلے ہی آؤٹ ہوئے جبکہ ڈکٹ (50 ناٹ آؤٹ) اور بین اسٹوکس (10 ناٹ آؤٹ) وکٹ پر موجود رہے۔ انگلینڈ نے پہلے دو ٹیسٹ جیت کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے اور وہ پاکستان کو کلین سوئپ کرنے سے صرف 55 رنزدور ہیں۔