برا نہ لگے تو… تو ایک بات بتاؤں…جانتا ہوں آج اتوار ہے اور… اور ہم میں سے اکثر کے مزاج شریف اتوار کو خوشگوار ہوتے ہیں… لیکن…لیکن معاف کیجئے گا پھر بھی مجھے جو کہنا ہے ‘ وہ میں کہوں گا… اتوار کے باوجود کہوں گا اور… اوریہ کہوں گا ہم سب… جی ہاں ہم سب کشمیری مسلمان منافق ہیں… ہمارے قول و فعل میں تضاد ہے ‘ ہمارا ہر ایک عمل‘ ہر ایک فعل‘ ہر ایک قدم ‘ہماری زبان سے نکلے ہر ایک لفظ سے متصادم ہے اور متضاد بھی…ہم تھکتے نہیں ہیں ‘ اس بات کے کہنے میں ہم تھکتے نہیں ہیں کہ یہ وادی ریشیوں اور منیوں کی سرزمین ہے‘ اولیائے کرام کا مسکن ہے … ہم یہ بڑے فخر سے کہتے ہیں… لیکن… لیکن جب ان ریشی منیوں اور اولیائے کرام کے کہنے پر عمل کی باری آتی ہے توہم سب زیرو ہیں… صفر ہیں ۔ ہاں ان حضرات کے سالانہ عرس پاک میں ہم بڑی عقیدت سے شرکت کرتے ہیں ‘شب خوانی میں بھی حصہ لیتے ہیں… ان کے تبرکات کی زیارت کے وقت ہماری آنکھوں سے آنسو بھی جاری ہوتے ہیں… لیکن اللہ میاں کی قسم وہ آنسو نکلی ہیں ‘ دکھاوا ہیں‘ مگر مچھ کے ہیں اور… اور کچھ نہیں کہ … کہ اگر ایسا نہیں ہو تا‘ اگر ہمارا کردار ایسا نہیں ہو تا‘ اگر ہم منافق نہیں ہوتے تو… تو سوپور کی وہ کم سن بچی جہلم میں چھلانگ لگانے پر مجبور نہیں ہو تی… وادی میں ہر روز کوئی نہ کوئی جہلم میں چھلانگ لگا کر اپنا کام تمام کرتا ہے… لیکن… لیکن قوم کی اس بیٹی نے یہ انتہائی قدم اس لئے اٹھایا کہ اب اسے سہا نہیں جا رہا تھا… والد کا انتقال دس بارہ سال پہلا ہوا تھا… بھائی کسی جسمانی تکلیف میں مبتلا اور… اورخود وہ بھی کسی مرض سے نبر د آزما تھی… آمدنی کے ذرائع نہ ہونے کے برابر تھے اور… اور اوپر سے قوم کی بے حسی … ہماری اور آپ کی بے حسی‘ جاتی تو جاتی کہاں‘ مدد مانگتی تو کس سے ‘ ہاتھ پھیلاتی تو کس کے آگے کہ … کہ ہمارے ہاں کئی ایک ایسے بھی ہیں جنہیں ہاتھ پھیلانا بھی نہیں آتا ہے… شاید یہ معصوم لڑکی بھی انہی میں سے ایک تھی …اور اسے اس ساری صورتحال میںایک ہی راستہ نظر آیا اور… اور اس نے وہ کٹھن راستہ اختیار کیا اور… اور اس لئے کیا کہ ہم سب منافق ہیں… ایک بار ٹھنڈے دل اور دماغ سے سوچ لیجئے تو … تو اللہ میاں کی قسم آپ بھی اسی نتیجہ پر پہنچ جائیں گے کہ ہم سب واقعی میں منافق ہیں اور… اور بے حس بھی ۔ ہے نا؟