نئی دہلی//
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج مرکزی وزیر توانائی ‘آر کے سنگھ کے ساتھ دہلی میں میٹنگ کی۔
مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں بلاخلل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے درکار مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کو زیادہ بجلی مختص کرنے کی درخواست کی۔ بجلی کے مرکزی وزیر آر کے سنگھ نے اس درخواست کی جائزہ لینے اور جلد کارروائی کرنے کا یقین دلایا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور اے ٹی اینڈ سی کے نقصانات کو کم کرنے اور لوگوں کو بجلی کی فراہمی کے معیار اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کوبہتر بنانے کیلئے یو ٹی حکومت کی کوششوں کا خلاصہ پیش کیا۔
بجلی کے مرکزی وزیر نے یقین دلایا کہ وزارت وسائل کی مناسب دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن مدد کرے گی۔
پاور سکریٹری‘ آلوک کمار اور بجلی اور نئی اور قابل تجدید توانائی کی وزارت کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ کشمیر میں موسم سرما کے دوران بجلی کی سپلائی پوزیشن میں خلل پڑتا ہے کیونکہ محکمہ کاکہنا ہے کہ اس موسم میں بجلی کی کھپت رسد سے کہیں زیادہ ہو تی ہے ۔