نئی دہلی// سپریم کورٹ نے منگل کو بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا اور ماڈلز شرلین چوپڑا اور پونم پانڈے کو فحش مواد بنانے اور اسے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دکھانے کے معاملے میں پیشگی ضمانت دے دی۔
جسٹس کے ایم جوزف اور جسٹس بی وی ناگرتنا کی بنچ نے اس سلسلے میں ایک حکم جاری کیا اور تینوں کو پیشگی ضمانت دے دی۔
بنچ نے اپنے حکم میں کہاکہ ”ملزمان کو پیشگی ضمانت دی جاتی ہے ۔ اسے پولیس اور تفتیشی ایجنسی کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے ۔’’
عدالت نے ریاست مہاراشٹر کے وکیل کے ذریعہ جمع کرائے گئے تمام ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمین کو پیشگی ضمانت دے دی۔ وکیل نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ملزم کے خلاف چارج شیٹ پہلے ہی داخل کی جا چکی ہے ۔
عدالت نے تمام ملزمان کو باقاعدہ ضمانت کے لیے متعلقہ ممبئی ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کو کہا۔ مہاراشٹر پولیس نے پیشگی ضمانت کی درخواست کی مخالفت نہیں کی۔
عدالت نے کہاکہ "یہ ایسے معاملات ہیں جہاں درخواست گزاروں کو ٹرائل کورٹ کی طرف سے عائد شرائط کے تحت پیشگی ضمانت کی اجازت دی جانی چاہئے ۔ اگر مستقبل میں ان کی ضرورت پڑی تو وہ مکمل تعاون کریں۔ ٹرائل کورٹ کو لازمی طور پر اسے شرط کے طور پر شامل کرنا چاہیے ۔”
عدالت نے ابتدائی طور پر سوال کیا کہ کیا ایسے کیس میں ضمانت دی جا سکتی ہے ۔ عدالت نے سوال کیا کہ اس سے معاشرے میں کیا پیغام جائے گا۔ جب تک آپ باقاعدہ ضمانت کے لیے عدالت نہیں جائیں گے ہم آپ کی حفاظت کریں گے ۔’’
راج کندرا، پونم پانڈے ، شرلین چوپڑا اور امیش کامت نے ان کے خلاف فحاشی کی کارروائی کو ختم کرنے کی ہدایت طلب کی تھی۔
مہاراشٹر سائبر پولس نے فحش مواد بنانے اور اسے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر نشر کرنے کے لیے ایک چارج شیٹ دائر کی ہے ۔ ان لوگوں پر دو مضافاتی فائیو اسٹار ہوٹلوں میں فحش ویڈیوز بنانے کا الزام ہے ۔