سرینگر//
حکام نے بتایا کہ جموں کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ہفتہ کو جیش محمد کے عسکریت پسند کمانڈر عاشق نینگرو کی رہائش گاہ کو حکام نے منہدم کر دیا۔
اہلکار نے دعویٰ کیا کہ راج پورہ کی نیو کالونی میں دو منزلہ مکان سرکاری زمین پر بنا تھا۔ اسے ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی موجودگی میں مسمار کر دیا۔
نینگرو ایک مطلوب جیش کمانڈر ہے اور ۲۰۱۹ کے پلوامہ حملے کا ملزم ہے جس میں سی آر پی ایف کے ۴۰؍ اہلکار مارے گئے تھے۔
اس سال اپریل میں مرکزی حکومت نے نینگرو کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت ’نامزد دہشت گرد‘قرار دیا تھا۔
ایک نوٹیفکیشن میں، مرکزی وزارت داخلہ نے کہا کہ نینگرو جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کی دراندازی میں ملوث رہا ہے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردی کے مختلف واقعات کو انجام دینے کے لیے بھی ذمہ دار رہا ہے۔
وزارت نے کہا تھا کہ وہ کشمیر میں ایک دہشت گرد سنڈیکیٹ چلا رہا ہے اور اب ’جموں اور کشمیر میں دہشت گردی کو منظم کرنے کی ایک خطرناک مہم میں مصروف ہے‘ ۔
چند ماہ قبل نینگرو کے بھائی منظور احمد جو کہ باورچی تھے، کو قتل کر دیا گیا تھا۔
پولیس نے کہا کہ منظور کو جنگجوگروپوں کے درمیان دشمنی کی وجہ سے قتل کیا گیا تھا اور اس کی گولیوں سے چھلنی لاش شوپیاں کے ایک باغ سے ملی تھی۔