نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے گجرات اسمبلی انتخابات کے بعد نئی قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے انتخاب کے لیے مرکز سے سینئر لیڈر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی قیادت میں تین رکنی مبصر ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے یہاں کہا کہ جماعت پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں گجرات میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے انتخاب کے لیے مرکزی مبصرین کا تقرر کیا ہے ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا اور قبائلی امور کے مرکزی وزیر ارجن منڈا کو مبصر بنایا گیا ہے ۔
مرکزی مبصر احمد آباد جاکروہاں ہونے والے لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ گجرات کے موجودہ وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کوہی لیڈر کے طور پر چنا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے گھٹلوڈیا اسمبلی سیٹ سے تقریباً دو لاکھ ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے ۔ جمعرات کو بی جے پی ہیڈکوارٹر میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر سے بھی اسی طرح کے اشارے سامنے آئے ہیں۔
گجرات میں نئی حکومت کی تشکیل اور حلف برداری کی تقریب پیر 12 دسمبر کو ہوگی۔