سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے واٹھو علاقے میں گذشتہ شام سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان گولیوں کے مختصر تبادلے کے بعد جنگجو تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے واٹھو علاقے کو بدھ کی شام پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
ذرائع نے کہا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فوروسز نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ کے بعد خاموشی چھا گئی۔انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا اور اس دوران کوئی بھی جنگجو وہاں موجود نہیں پایا گیا جس کے بعد آپریشن کو معطل کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران دو پھیرن، دو پستول گولیاں اور اے کے رائفل کی تین گولیاں بر آمد کی گئیں۔