سرینگر//
جموںکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کے پوش علاقے گاندھی نگر میں دس نامعلوم بندوق برداروں نے فلمی انداز میں ایک معروف تاجر کے گھر میں گھس کر بندوق کی نوک پر اہل خانہ کو یرغمال بنایا۔
معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم بندوق بردار ۱۵لاکھ روپے لوٹ کر گھر سے فرار ہوئے۔
ایس ایس پی جموں چندن کوہلی کے مطابق چوری کی اس واردات میں ملوث افراد کو بہت جلد بے نقاب کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق جموں کے پوش علاقے گاندھی نگر میں بدھوار صبح چھ بجکر ۵۵ منٹ پر نامعلوم بندوق بردار جن کی تعداد دس بتائی جارہی ہے معروف تاجر راکیش اگروال کے گھر میں گھس گئے اور وہاں پر موجود اہل خانہ کو یرغمال بنایا۔
ذرائع نے بتایا کہ معروف تاجر راکیش اگروال صبح ۶ بجکر۵۵ منٹ پر گھر سے باہر آئے تو اسی اثنا میں آس پاس موجود دس نامعلوم نقاب پوش بندوق بردار گھر میں گھس آئے اوروہاں اہل خانہ کو ایک کمرے میں جمع کرکے اْن سے ۱۵کروڑ روپے کی رقم طلب کی۔انہوں نے کہا کہ مسلسل ساڈھے پانچ گھنٹے تک یرغمال بنائے جانے والے گھر والوں سے بات چیت کے بعد نامعلوم بندوق برداروں نے اس گھر سے۱۵لاکھ روپے کی رقم لوٹ لی اور وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔
اہل خانہ کے مطابق چوروں کے پاس دیسی ساخت کے ہتھیار تھے اور وہ ۱۵کروڑ روپے کا تقاضہ کر رہے تھے تاہم مسلسل پانچ گھنٹے تک بات چیت کے بعد دن کے ساڈھے بارہ بجے وہ ۱۵لاکھ روپے پر لینے پر راضی ہوئے۔
چوری کی اس واردات کے بعد گاندھی نگر جموں میں سراسیمگی پھیل گئی ہے۔
دریں اثنا ایس ایس پی جموں چندن کوہلی نے بتایا کہ چوری کے اس معاملے کو بہت جلد حل کیا جائے گا کیونکہ پولیس کے ہاتھ اہم ثبوت لگے ہیں۔