سرینگر/۷دسمبر
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آرمڈ فورسز فلیگ ڈے پر فوج کو مبارکباد پیش کی ہے ۔
سنہا نے کہا کہ میں اپنے فوجی جوانوں کی بہادری اور ملک کے تئیں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
بتادیں کہ آرمڈ فورسز فلیگ ڈے جس کو ہندوستان کا یوم پرچم بھی کہا جاتا ہے ، مسلح فوج کے جوانوں اور سابق فوجیوں کے اعزاز میں 1949 سے ہر سال 7 دسمبر کو منایا جاتا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقعے پر فوج کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’آرمڈ فورسز فلیگ ڈے پر میں مسلح افواج اور ان کے اہلخانہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں‘۔
ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا’میں اپنے فوجی جوانوں کی ہمت اور لگن کو سلام پیش کرتا ہوں اور ان کی بہادری اور ملک کے تئیں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں‘۔
سنہا نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ یوم پرچم ہم سب کے لئے بہادر فوجی جوانوں کے ساتھ اظہار تشکر ویکجہتی کرنے کا ایک موقع ہے ۔
ایل جی نے کہا’میں تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آرمڈ فورسز فلیگ ڈے فنڈ میں دل کھول کر امداد کرکے فوجی جوانوں، سابق فوجی جوانوں اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبودی کے اس عظیم کام میں اپنا حصہ ادا کریں۔‘