جموں//
جموںکشمیر کے مینڈھر پونچھ کے بلونی علاقے میں منگل کی شام کو ڈرون دیکھا گیا جس کے بعد فوج نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لیا۔
اطلاعات کے مطابق منگل کی شام کو مینڈھر پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک مشتبہ پاکستانی ڈرون نظر آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ گر چہ ڈرون واپس پاکستانی حدود میں چلا گیا تاہم فوج نے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
اس دوران بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے پیر کی رات دیر گئے ضلع ترن تارن کے کالیا گاؤں میں پاکستانی اسمگلروں کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پڑوسی ملک سے تعلق رکھنے والے ایک ڈرون کو مار گرایا۔
سکیورٹی فورس نے جائے وقوعہ سے ڈرون کے ساتھ دو کلو۴۷۰گرام ہیروئن بھی برآمد کی ہے ۔
بی ایس ایف کے تعلقات عامہ کے افسر نے منگل کو بتایا کہ سیکورٹی فورس نے پیر کی رات ایک ڈرون کی آواز پاکستانی جانب سے ہندوستانی علاقے میں داخل ہوتے ہوئے سنی۔
افسرنے بتایا کہ جوانوں نے ڈرون پر فائرنگ کی اور اسے گرا دیا۔ علاقے کی تلاشی لینے پر گاؤں کے کھیتوں میں ایک تباہ شدہ کواڈ کاپٹر اور دو کلو ۴۷۰گرام ہیروئن کا پیکٹ برآمد ہوا۔