پرتھ// آسٹریلیا کے لیجنڈری کرکٹر اور سابق کپتان رکی پونٹنگ کو جمعہ کو یہاں آپٹس اسٹیڈیم میں طبیعت خراب ہونے کے بعد مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ای ایس پی این کرک انفو نے رپورٹ کیا کہ پونٹنگ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن سیون نیٹ ورک کے لیے کمنٹری کر رہے تھے جب وہ اچانک بیمار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق پونٹنگ کو دل کا دورہ پڑا تھا۔ تاہم ان کی حالت کے بارے میں کوئی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
پونٹنگ، جو تقریباً 40 منٹ تک کمنٹری کرتے رہے، لنچ کے بعد بغیر کسی مدد کے کمنٹری باکس سے باہر آگئے۔ آسٹریلیا کے سابق کوچ جسٹن لینگر انہیں گاڑی تک لے گئے، جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا۔ پونٹنگ بقیہ میچ میں کمنٹری کرنے اسٹیڈیم واپس نہیں آئے۔ تاہم ذرائع کے مطابق ان کی صحت مستحکم ہے۔
آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنز نے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد کہاکہ “میں رکی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ ہم آج صبح میدان میں ان سے بات کر رہے تھے۔ تمام رپورٹس سے ایسا لگتا ہے کہ وہ ٹھیک ہورہے ہیں۔ اس طرح کی کوئی بھی چیز کافی خوفناک ہے، اس لیے ہم ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ ,
شین وارن کی حالیہ موت نے صحت کے مسائل کے حوالے سے سابق کرکٹرز میں چوکسی بڑھا دی ہے۔
پونٹنگ نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران 168 ٹیسٹ اور 375 ون ڈے میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی ہے۔