سرینگر/۲دسمبر
جموںکشمیر پولیس نے جنوبی ضلع کولگام میں نقلی ملی ٹینٹوں کے ایک گروہ کا پردہ فاش کرکے پانچ افراد کو حراست میں لیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایاکہ ضلع کولگام کے کاترسو، متی باغ اور تاری گام علاقوں کے لوگوں نے نزدیکی پولیس اسٹیشن میں تحریری طورپر شکایت درج کی کہ کئی افراد جو اپنے آپ کو ملی ٹینٹ جتلا رہے ہیں رہائشی مکانوں میں گھس کر مکینوں کو ہتھیار دکھا کر نقدی اور قیمتی اشیاءلوٹ رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق شکایت موصول ہوتے ہی پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر92 کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
پولیس ترجمان نے کہاکہ ایس ایچ او یاری پورہ کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے متعدد علاقوں میں ناکہ لگا کر تلاشی کارروائی شروع کی۔
انہوں نے کہاکہ جمعے کے روز مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس نے یاری پورہ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران پانچ افراد جن کی شناخت نذیر احمد ملک ساکن شوپیاں، خالد حسین ، رضوان احمد ، کامران اور ابرار احمد ساکنان پلوامہ کے بطور ہوئی ہے کو حراست میں لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار شدگان کے قبضے سے دو نقلی بندوق اور ایک نقلی پستول، دو کٹرس ، پانچ موبائیل فونز اور پانچ ماسکس اور ایک گاڑی کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔