ریاسی//
لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے آج پونی ریاسی میں امر جوان شوریہ استھل کا افتتاح کیا اور پرم پوجیہ سنت بالک یوگیشور داس جی مہاراج کو خراج تحسین پیش کیا ۔
سنہا نے ویر ستمب پر پھول چڑھائے اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد کہا ’’ ویر ناریس ، ہمارے سابق فوجیوں کو سلام اور ان تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ہمارے ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیں ‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اگست ۲۰۱۹ میں آرٹیکل۳۷۰ کی منسوخی کے بعد دہشت گردی کو پروان چڑھانے والے ماحولیاتی نظام کو ختم کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے قوم حقیقی معنوں میں بہادر جوانوں کی مقروض ہے ۔
سنہا نے کہا ’’ ہمہ جہت اقتصادی ترقی ہمارے لئے بنیادی اہمیت کی حامل ہے تا کہ ہر شہری امن کے ماحول میں عزت اور وقار کی زندگی گزار سکے ۔ دیہی بنیادی ڈھانچے میں نئی تحرک کے نتیجے میں لوگوں کیلئے بہت زیادہ خوشحالی آئے گی ۔ ‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر نے پچھلے تین برسوں میں بہت آگے کا سفر طے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ترقی کے پہیے کو رواں دواں رکھا ہے تا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ معاشرے کا کوئی بھی طبقہ پیچھے نہ رہ جائے ، اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ ترقی کے پسماندہ گروہوں کو فائدہ پہنچے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ خوشحالی نوجوانوں کیلئے روشن مستقبل لائے ۔ ‘‘
سنہانے کہا کہ دیہی معیشت کی بحالی کیلئے ہماری کوششوں کے نتائج واضح طور پر نظر آ رہے ہیں‘ کسانوں کو بہتر قیمتیں مل رہی ہیں ، کمزور طبقے کیلئے سماجی تحفظ کے جال کو یقینی بنانے کیلئے بہت سی اسکیمیں لاگو کی گئی ہیں اور پی آر آئی کو دیہی ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے بااختیار بنایا گیا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی تیز رفتاری ، بہتر انفراسٹرکچر کی تخلیق ، عوامی خدمات کی فراہمی کے طریقہ کار کو ہموار کرنا ، تعلیمی اور صحت کی بہتر سہولیات اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی تجاویز کے ساتھ بڑھتے ہوئے صنعتی شعبے نے شاندار مستقبل کی مضبوط بنیاد رکھی ہے ۔
سنہا نے کہا کہ بیک ٹو ولیج فور پروگرام کے دوران ہر پنچایت سے ۱۵نوجوانوں کو خود روز گار پیدا کرنے میں مدد کیلئے شناخت کرنے کی کوشش کی گئی‘۲۷۰۰۰ منظوری کے خطوط جاری کئے گئے ہیں اور دسمبر کے آخر تک تمام منظوری کے خطوط جاری کر دئیے جائیں گے ۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ ہم نے عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا ہے اور ضلع کی ترقی کیلئے زیادہ مالی اخراجات کو یقینی بنایا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامع اور اعلیٰ اقتصادی ترقی کیلئے ہماری حکمت عملی کے حصے کے طور پر صحت ، تعلیم ، صنعت ، زراعت ، دستکاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔
ریاسی ضلع میں ترقیاتی منظر نامے پر بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ گذشتہ مالی سال میں ضلع کیپیکس اسکیم کے تحت ریاسی میں ۱۰۱۲ پروجیکٹ مکمل کئے گئے تھے جبکہ اس سال کا ہدف ۱۵۰۰ سے زیادہ پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ سال ڈسٹرکٹ کیپیکس کے تحت ریاسی ضلع کو ترقیاتی کاموں کیلئے ۱۱۲۵ کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے اور اس سال یہ رقم بڑھا کر ۱۱۸۳ کروڑ روپے کر دی گئی ہے ۔
پرم پوجیہ سنت شری بالک یوگیشور داس جی مہاراج نے اپنے خطاب میں پونی کو تیرتھ استھل کے طور پر ترقی دینے کے ویژن کو شیئر کیا ۔ انہوں نے شہیدوں کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اتی وشنو مہا یگیہ سمیتی کی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی ۔
قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر نے پرم ویر چکر ایوارڈ یافتہ کیپٹن وکرم بترا کے والدین، ملک کی سلامتی کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے فوجیوں کے اہل خانہ اور ویر ناریس کو اعزاز سے نوازا ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یگیہ شالہ کا افتتاح بھی کیا اور شہید فوجیوں کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے بے لوث خدمات انجام دینے والے سابق فوجیوں اور تنظیموں کو مبارکباد دی ۔ مختلف قومی انضمام کے مقابلوں اور ریلیوں میں حصہ لینے والے طلباء کو بھی مبارکباد دی گئی ۔
پرم پوجیہ سنت شری بالک یوگیشور داس جی مہاراج پر ایک اشاعت بھی جاری کی گئی ۔
اس موقع پر برگیڈئیر ہرچرن سنگھ ، پی آر آئی اراکین ، سابق فوجی ، شہداء کے اہل خانہ ، ویر ناریس ، اتی وشنو مہایگیہ سمتی کے عہدیداران اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز شہری موجود تھے ۔