نئی دہلی//
بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل پنکج کمار سنگھ نے سرحد پار سے ڈرون کی دراندازی کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں فورس کے چوکس اہلکاروں نے ۱۶ڈرون کو مار گرایا ہے ۔
سنگھ نے بارڈر سیکورٹی فورس کے یوم تاسیس سے ایک دن قبل بدھ کو یہاں سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورس کے تیار اہلکاروں نے گزشتہ ایک سال میں مختلف سرحدی علاقوں میں۱۶دراندازی کرنے والے ڈرون کو مار گرایا ہے ۔
بی ایس ایف کے ڈی جی نے کہا کہ ڈرون کے ذریعے دراندازی ایک بڑا چیلنج ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے کوئی ٹھوس اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی نہیں ہے تاہم اسے تیار کرنے کے لیے تیزی سے کام کیا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مارے گئے ڈرون کی چپ کا تجزیہ کیا جاتا ہے اور اس کی پرواز کے راستے کا پتہ لگانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔
سنگھ نے کہا کہ موجودہ سال میں۲۰سیکورٹی اہلکاروں نے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال فورس کے اہلکاروں کو ۱۲۵تمغوں سے نوازا گیا ہے جس میں دو کیرتی چکر‘۲۱ بہادری کے تمغے ، امتیازی خدمات کیلئے۱۰صدر کے پولیس تمغے اور شاندار خدمات کیلئے۹۲پولیس تمغے شامل ہیں۔
ڈی جی ‘بی ایس ایف نے کہا کہ فورس نے رواں سال۳۱؍اکتوبر تک مجموعی طور پر ۲۶لاکھ ۴۶۹کلو گرام منشیات ضبط کی۔ اس کے علاوہ۲۰لاکھ۳۳ہزار۲۰۰روپے کی جعلی کرنسی بھی پکڑی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ متعدد کارروائیوں میں۷۱مختلف اقسام کے ہتھیار بھی قبضے میں لیے گئے ۔
بارڈر سکیورٹی فورس۶۳۸۶کلومیٹر طویل بین الاقوامی سرحد کی حفاظت کرتی ہے ۔