سرینگر/28 نومبر
وادی کشمیر میں چالیس روزہ چلہ کلان کی آمد سے قبل ہی شروع ہونے والی شدید سردیوں کے بیچ غیر مقامی سیاحوں کی بڑی تعداد کو یہاں کے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے ۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات جیسے گلمرگ، پہلگام وغیر ہ سے لے کر جھیل ڈل کے کناروں پر سیاح شدید سردی کی کوئی پراہ کئے بغیر گرم لباس میں ملبوس یہاں کے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
ان سیاحوں کا کہنا ہے کہ کشمیر کی خوبصورتی ہر موسم میں دیکھنے کے لائق ہے ۔
دلی سے تعلق رکھنے والے راکیش نامی ایک سیاح کا کہنا ہے کہ کشمیر کی خوبصورتی ہر موسم میں قابل دید ہوتی ہے ۔
راکیش نے کہا کہ جہاں موم بہار میں یہاں کے سر بسز و شاداب جنگل و چراگاہیں، پانی سے بھرے جھیل جھرنے اور آبشار اپنی خوبصورتی کی مثال آپ ہوتے ہیں وہیں موسم سرما میں یہاں کے برف پوش پہاڑ بھی خوبصورتی میں عدیم المثال ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں صبح کے وقت جھیل ڈل کا نظارہ اس قدر پُر کیف ہوتا ہے کہ ایک انسان اسی میں کھو جاتا ہے ۔
ایک خاتون سیاح جو بلوارڈ روڈ پر جھیل دل کے کنارے پر بیٹھی تھی، نے کہا کہ میں پہلی بار سردیوں میں کشمیر آئی ہوں لیکن اس موسم میں یہاں کچھ الگ ہی لطف ہے ۔انہوں نے کہا کہ گوکہ رات کو سردی زیادہ ہی تیز ہوتی ہے لیکن گرم لباس پہننے اور ہوٹلوں میں بھی گرمی کا خاطر خواہ انتظام ہوتا ہے تو کوئی پریشانی نہیں ہوتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں گرمیوں کے دوران جو روایتی غذا کھانے کو ملتا ہے وہ نہ صرف لذیذ ہوتا ہے بلکہ موسم کے موافق بھی ہوتا ہے ۔