دوحہ// مایہ ناز برازیلین فٹ بالر نیمار قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ2022 میں سربیا کے خلاف میچ کے دوران پاؤں میں چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کی آئندہ میچز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ورلڈ کپ کے گروپ جی کے میچ میں برازیل نے سربیا کو 0-2 سے شکست دی لیکن ان کی شکست کی خوشیاں اس وقت ماند پڑ گئیں جب نیمار انجری کا شکار ہوئے۔
نیمار میچ کے دوسرے ہاف میں سربیا کے نکولا ملینکووچ سے ٹکرانے کے بعد انجری کا شکار ہوئے اور انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنا پڑی۔ابتدائی معلومات کے مطابق نیمار کے دائیں ٹخنے میں موچ آئی جس کے باعث انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔نیمار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹیم کو مبارکباد دی لیکن انجری کے حوالے سے کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا۔
برازیل کی فٹبال ٹیم کے ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے کہ نیمار کے ٹخنے میں موچ آئی ہے، اسٹار پلیئر کا علاج شروع کردیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں ان کی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد پتا چلے گا کہ وہ مزید میچز کھیل پائیں گے یا نہیں۔
ٹیم ڈاکٹر روڈریگو لسمار کا کہنا ہے کہ انجری کی نوعیت سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا البتہ ہم پرامید ہیں کہ نیمار جلد انجری سے صحتیاب ہو کر ورلڈ کپ کے بقیہ میچز میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
برازیلین فٹ بال ٹیم کے کوچ ٹائٹ کا کہنا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ نیمار جلد فٹ ہوکر میدان میں نظر آئیں گے۔نیمار کو برازیل کے لیے پیلے کے برازیل کے لیے 77 گول کے ریکارڈ کی برابری کے لیے صرف دو گول درکار ہیں۔ابتدائی میچ میں فتح حاصل کرنے والی برازیل کی ٹیم گروپ جی کا دوسرا میچ 28 نومبر کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف دوحہ میں کھیلے گی۔