سرینگر//
وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشان اندرابی نے بدھ کو کہا کہ وقف املاک کی تجاوزات کے بارے میں وائٹ پیپر اگلے سال اپریل میں منظر عام پر لایا جائے گا۔
اندرابی نے کہا کہ بڑی مچھلیوں کو پھنسانے کے لیے فائلیں تیار کی جا رہی ہیں اور وائٹ پیپر کو عام کیا جائے گا جب اگلے سال اپریل میں یوم وقف منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یوم وقف اسی دن منایا جائے گا جب پچھلے سال بورڈ کی دوبارہ تشکیل ہوئی تھی۔
وقف بورڑ کی چیئر پرسن نے مزید کہا کہ نئے وقف بورڈ کے چارج سنبھالے چھ مہینے گزر چکے ہیں اور اپریل میں ایک سال مکمل ہو جائے گا۔’’ہم ابھی تک فائلوں سے دھول ہٹا رہے ہیں اور کچھ اقدامات کیے ہیں جو ایک ایک کرکے مکمل کیے جائیں گے‘‘۔
اندرابی نے کہا کہ وقف کیلئے جلد ہی ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے اور تجاوزات میں ملوث بڑی مچھلیوں کو پھنسایا جائے گا۔
وقف بورڈ کی چیئر پرسن کاکہنا تھا کہ ماضی میں بورڑ کو سیاسی مقاصد کیلئے بھی استعمال کیاجاتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ جب نئے سرے سے وقف بورڑ بن گیا تو انہوں نے واضح کیا تھا کہ نہ سیاست بورڑ کے کام میں حائل ہو گی اور نہ ہی یہ کوئی سیاست کا میدان ہے ۔ اندرابی نے کہا کہ وقف بورڈ امانت ہے ولیوں اور اولیاؤں کی جنہوں نے اس وقف کردیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کسی سیاستدان کی ملکیت ہے اور نہ کوئی اس پر سیاست کر سکتا ہے ۔