جموں//
بارڈرسیکورٹی فورس(بی ایس ایف) کے انسپکٹر جنرل جموں رینج ڈی کے بورا کا کہنا ہے کہ بین الاقوانی کنٹرول لائن پر فوج پوری طرح سے چوکس ہے اور کسی کو بھی اس طرف آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بورا نے کہاکہ چونکہ کشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر برف باری ہو چکی ہے جس کے پیش نظر اب ملی ٹینٹوں نے بین الاقوامی سرحد پر اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ۔
جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران آئی جی بی ایس ایف نے کہاکہ جموں میں بین الاقوامی کنٹرول لائن پر منگل کے روز دراندازی کی دو کوششوں کوناکام بنایاگیا جس دوران ایک درانداز ہلاک جبکہ دوسرے کو زندہ گرفتار کیا گیا۔
بورا نے کہاکہ ارینا سیکٹر میں جوانوں نے مشتبہ شخص کی حرکت دیکھی اور جب وہ فینسنگ کے نزدیک آیا تو بی ایس ایف نے اُس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوا۔اُن کے مطابق اُس پار بیٹھے ملی ٹینٹ دراصل سرحدوں پر بی ایس ایف کی چوکسی کو بھاپنے کی خاطر دراندازوں کو اس طرف بھیجتے ہیں۔
بی ایس ایف آئی جی نے واضح کیا کہ سرحد پر پرندوں کو بھی پر مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بین الاقوامی کنٹرول لائن پر دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں آئی جی بی ایس ایف نے کہاکہ ہر سال یہ دیکھا گیا ہے جب بھی کشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر برف باری ہوتی ہے تو ملی ٹینٹ بین الاقوامی کنٹرول لائن پر اپنی توجہ مبذول کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس جتنی بھی ٹیکنیکی صلاحیتیں ہیں اُن کو بروئے کارلایا جارہا ہے ۔
بورا نے بتایا کہ پچھلے دو مہینوں کے دوران جموں میں ڈرونز کی نقل و حرکت میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے ۔