راولپنڈی// پاکستان نے پیر کو انگلینڈ کے خلاف دسمبر میں ہونے والی تین میچوں کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز کے لیے 18 رکنی ٹیم کا اعلان کیا جس میں فواد عالم اور یاسر شاہ کے ناموں کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔
فواد اور یاسر کے علاوہ حسن علی اور شاہین آفریدی بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ آفریدی نے حال ہی میں اپنی اپینڈکس کی سرجری کروائی ہے جبکہ وہ گھٹنے کی انجری سے بھی صحت یاب ہو رہے ہیں۔
فواد نے 2021 میں نو ٹیسٹ میچوں میں 57.10 کی اوسط سے 571 رن بنائے لیکن وہ اس سال اپنی شاندار کارکردگی کو جاری نہ رکھ سکے۔ فواد نے 2022 میں چار ٹیسٹ میچوں میں صرف 58 رن بنائے جس کے بعد انہیں ٹیم سے باہر کر دیا گیا۔
حسن علی نے بھی اپنے آخری چار ٹیسٹ میں صرف پانچ وکٹیں حاصل کیں جس کی وجہ سے ان کی جگہ نوجوان فاسٹ باؤلر محمد علی کو ٹیم میں بلایا گیا ہے۔ ‘مسٹری اسپنر’ ابرار احمد بھی اس تین میچوں کی سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
محدود اوورز کی کرکٹ میں اپنی باؤلنگ سے سب کی توجہ مبذول کرنے والے حارث رؤف اس سیریز میں ڈیبیو کر سکتے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ شاہین کی غیر موجودگی میں پاکستانی باؤلنگ لائن اپ کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ٹیم کے انتخاب پر کہا کہ میں ان تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دینا چاہوں گا جنہیں انگلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ سیریز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ہم نے اس 18 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کھلاڑیوں کی فارم، کنڈیشنز اور اپوزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔
پاکستانی ٹیم : بابر اعظم، محمد رضوان، سرفراز احمد، شان مسعود، سعود شکیل، سلمان آغا، نسیم شاہ، نعمان علی، عبداللہ شفیق، امام الحق، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، ابرار احمد، زاہد محمود، محمد نواز، اظہر علی اور محمد علی۔