وارانسی//کاشی اور تمل ناڈو کے تہذیب و ثقافت کو ایک دوسرے کا متبادل قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ کاشی تمل سنگمم ملک میں قومی اتحاد کو مضبوط کرنے کی توانائی فراہم کرے گا۔
بنارس ہندو یونیورسٹی(بی ایچ یو) کے اینفی تھیٹر میدان میں ایک مہینے تک چلنے والے کاشی۔ تمل سنگمم کا افتتاح کرنے کے بعد مودی نے اپنے خطاب میں کہا’ ہمارے پاس فخر کرنے کے لئے دنیا کی سب سے پرانی زبان تمل ہے ۔ ویہ مقبول ترین اور زندہ جاوید ہے ۔ لوگ ششدر رہ جاتے ہیں جب انہیں پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان دنیا کی سب سے پرانی زبان کا گھر ہے ۔ رامانچاریہ اور شنکرآچاریہ سے لے کر راجا جی اور سروے پلی رادھا کرشنن سمیت جنوب کے متعدد عالموں کے ہندوستانی فلسفہ کو سمجھے بغیر ہم ہندوستان کو نہیں جان سکتے ۔
انہوں نے کہا’ ہمیں آزادی کے بعد ہزاروں سالوں کی روایات اور اس وارثت کو مضبوط کرنا تھا۔ اسے ملکی اتحاد کا سوتر بنانا تھا۔ لیکن بدقسمتی سے اس کے لئے خاطر خواہ کوششیں نہیں کی گئیں۔ کاشی۔ تمل سنگمم اس عزم کے لئے ایک پلیٹ فارم بنے گا اور قومی اتحاد کو تقویت بخشنے کی توانائی فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کاشی کے چاروں جانب گھومتے ہوئے آپ ہریش چندر گھاٹ پر ایک تمل مندر دیکھیں گے ۔ اسی طرح کیدار گھاٹ پر 200سال پرانا مٹھ اور ایک آشرم ہے ۔ تمل شادی تہذیب میں کاشی کے سفر کا ذکر ملتا ہے ۔ یعنی تمل نوجوانوں کی زندگی میں کاشی کے سفر کی اہمیت ہے ۔ یہ کاشی کے لئے تمل لوگوں کے اٹوٹ پیار کو ظاہر کرتا ہے ۔کاشی میں بابا وشوناتھ ہیں تو تمل ناڈو میں بھگوان رامشورم کا آشیرواد ہے ۔