ویلنگٹن// ہندوستان کے عبوری کوچ وی وی ایس لکشمن نے جمعرات کو ٹی 20 کپتان ہاردک پانڈیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاندارقیادت کرتے ہیں۔ گجرات ٹائٹنز کے پہلے ہی سال میں آئی پی ایل جیتنا کوئی معمولی کارنامہ نہیں ہے۔
کرکٹ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل سے باہر ہونے والی ٹیم انڈیا اس وقت نیوزی لینڈ کے دورے پر ہے۔ ہاردک پانڈیا کو تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کپتان بنایا گیا ہے۔ ہندوستان کو پہلا میچ 18 نومبر کو کھیلنا ہے۔ اس سیریز کے لیے کوچ کا کردار وی وی ایس لکشمن کے پاس ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ سے قبل یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے لکشمن نے کہا، “ہاردک ایک بہترین کپتان ہیں۔ ہم نے دیکھا ہے کہ انہوں نے آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کے ساتھ کیا کیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے سال میں فرنچائزی کی قیادت کرنا اور لیگ جیتنا کوئی معمولی کارنامہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے آئرلینڈ سیریز کے بعد سے ان کے ساتھ کافی وقت گزارا ہے، وہ نہ صرف تکنیکی طور پر مضبوط کھلاڑی ہیں بلکہ میدان پر بہت پرسکون بھی ہیں جو کہ بہت اہم ہے۔
ہاردک آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 میچوں کے دوران کپتان کے طور پر کام کرنے کے بعد پہلی بار اس ٹی 20 فارمیٹ میں ہندوستان کی قیادت کرتے نظر آئیں گے۔ ہاردک آل راؤنڈر کے طور پر بہترین فارم میں ہیں۔ ایک بلے باز کے طور پر، انہوں نے 2022 میں ٹی 20میچوں میں بالترتیب 33.17 اور 146.49 کی اوسط اور اسٹرائیک ریٹ سے 564 رنز بنائے۔ جس میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں صرف 33 گیندوں پر ان کی 63 رنز کی عمدہ اننگزبھی شامل ہے۔ اس میچ میں ہندوستان کو انگلینڈ سے شکست ہوئی تھی۔ ہاردک نے اس سال ٹی 20 میچوں میں 20 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کتنے اہم کھلاڑی ہیں۔
لکشمن نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں یہ بات پہلے ہی ثابت ہو چکی ہے کہ گیند باز جتنی اچھی بیٹنگ کریں گے، ٹیم کو اتنی ہی مضبوطی ملے گی ۔ گیند بازوں کی جانب سے بیٹنگ کی شراکت سے اہم بلے بازوں کو بھی آزادی سے کھیلنے کا موقع ملے گا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف اس ٹی 20 سیریز میں روہت شرما سمیت کچھ سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔ ایسے میں ہاردک پانڈیا کو ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے، جب کہ راہل ڈراوڑ کی غیر موجودگی میں وی وی ایس لکشمن اس دورے پر عبوری ہیڈ کوچ کے کردار میں ہیں۔
ٹیم
ہاردک پانڈیا (کپتان)، شبمن گل، ایشان کشن، دیپک ہڈا، سوریہ کمار یادو، شریس ایر، رشبھ پنت (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، واشنگٹن سندر، یوزویندر چاہل، کلدیپ یادو، ارشدیپ سنگھ، ہرشل پٹیل، محمدسراج، بھونیشور کمار، عمران ملک۔
ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 نومبر، دوسرا 20 نومبر اور تیسرا میچ 22 نومبر کو کھیلا جائے گا۔