تو جناب والا خبر یہ ہے کہ جاری ٹھنڈے موسم میں کشمیر میں بجلی نہیں ہوگی ۔ہوگی … لیکن اتنی نہیں ہو گی جتنی ہونی چاہیے تھی ۔یا اتنی نہیں ہو گی جتنی ہونے کی امید دلائی جا رہی تھی ۔خیر! بجلی ہوگی لیکن ضرورت کے مطابق نہیں ہوگی یہ آپ کے اور نہ ہمارے لئے کوئی بریکنگ نیوز ہے… بالکل بھی نہیں ہے کہ … کہ کشمیر میں بجلی کا نہ ہونا کوئی نئی اور تازہ بات نہیں ہے‘ بالکل بھی نہیں ہے ۔یہ بات اتنی ہی پرانی جتنا خود کشمیر ‘ اس لئے بھیا اگر محکمہ بجلی سو چ رہا ہو گا کہ وہ ہمیں بریکنگ نیوز دے رہا ہے تو کوئی اسے بتائے کہ نہیں بھیا ایسا نہیں ہے …ہم تو امید کررہے تھے کہ اب کے ایسا نہیں ہو گا… اب کے ہمارے گھر بھی بجلی سے روشن رہیں گے… سردیوں میں بھی بجلی میسر رہے گی اور… اور اس لئے رہے گی کہ اب کی بار دربار جموں منتقل نہیں ہو رہا ہے… ہورہا ہے‘لیکن پورا کا پورا نہیں ہو رہا ہے‘ اس لئے ہم نے سوچا کہ شاید بجلی بھی جموں منتقل نہیں ہو گی… اس کا ٹھکانہ بھی کشمیر ہی ہو گا … لیکن صاحب ایسی ہماری قسمت کہاں ۔ خیر!ہم بھی مانتے ہیں کہ اعلیٰ حکام نے شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے کی بات کہی ہے …سو محکمہ بجلی شیڈول کے مطابق ہی بجلی فراہم کریگا ‘ اب یہ شیڈول کیا ہو گا ‘ یہ آپ طے کر سکتے ہیں اور نہ کوئی اور…یہ محکمہ بجلی طے کرے گا اور … اور اس نے طے کیا ہے …محکمہ بجلی اس بات کو یقینی اور …اور سو فیصد یقینی بنائے گا کہ کشمیر کا یہ سرما تاریک ہو‘روشن نہ ہو ۔ہو … ہو تو ہو کہ ملک کشمیر میں ان تاریکیوں سے کوئی ڈرنے والے نہیں ہے … بالکل بھی نہیںہے کہ کشمیر میں اور کوئی تاریخ ہو نہ ہو …کشمیر میں کسی بات کی تاریخ ہو نہ ہو … لیکن محکمہ بجلی کی مسلط کردہ تاریکیوں کی خوب تاریخ ہے… پرانی تاریخ ہے جس سے کشمیر میں اب کوئی ڈرنے والا نہیں ہے … بالکل بھی نہیں ہے کہ ہم نے تاریکیوں میں جینا سیکھ لیا ہے ۔ ہے نا؟