شوپیاں /۲۸مارچ
جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں عسکریت پسندوں نے امام صاحب علاقے میں ایس او جی کیمپ پر گرینیڈ حملہ کیا۔
حملے میں کسی کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عسکریت پسندوں نے پیر کی شام امام صاحب علاقے میں واقع ایس آو جی کیمپ پر گرینیڈ داغا اور فائرنگ کی۔اس حملہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کی ہے۔
دریں اثنا جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے سونر گنڈ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے دو سرگرم جنگجووں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز۶۲آر آر اور پولیس نے سونر گنڈ بڈگام علاقے میں دو سرگرم ملی ٹینٹوں کو حراست میں لے کر اُن کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا ہے
ذرائع نے گرفتار شدگان کی شناخت وسیم احمد گنائی ولد شہزاد احمد گنائی ساکن رام نگر شوپیاں اور اقبال اشرف شیخ ولد محمد اشرف شیخ ساکن سدیو شوپیاں کے بطور کی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ جنگجووں کے قبضے سے ایک چینی پستول‘۲پستول میگزین‘۱۲پستول راونڈ‘۳۲؍اے کے راونڈ سمیت اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۲/۸۷کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔
بتادیں کہ وسطی ضلع بڈگام میں شہری ہلاکتوں کے بعد سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے اور ضلع بھر میں جگہ جگہ ناکہ چیکنگ کے دوران مسافروں اور راہگیروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے ہیں۔