سرینگر//
سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے ہفتے کے روز ملی ٹنسی سے متعلق کیسوں کی تحقیقات کو جاری رکھتے ہوئے یہاں مختلف مقامات پر چھاپے مارے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملی ٹنسی سے متعلق سرگرمیوں سے جڑے افراد پر دباؤ ڈالنا ان چھاپوں کا مقصود ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی یو نے مختلف یو ایل (پی) اے کیسوں میں تحقیقات کیلئے یہاں شیراز کالونی نزدیک راشن گھاٹ صورہ اور شالباف محلہ نیو کالونی جناب صاحب انچار صورہ میں مشکوک گھروں میں تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ان چھاپوں کا مقصد ملی ٹنسی سے متعلق کیسوں کی تحقیقات کرنا اور ملی ٹنسی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث افراد پر دباؤ ڈالنا ہے ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ چھاپے سپیشل کمپیٹنٹ عداتوں کی طرف سے باقاعدہ تلاشی وارنٹ حاصل ہونے کے بعد انتظامیہ اور متعلقہ پولیس اسٹیشن کی مدد سے مارے جاتے ہیں۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ چھاپے جموں و کشمیر پولیس کے سینئر فارمیشنز کے مشوروں کے تحت ڈالے جاتے ہیں اور ان کارروائیوں کو تکنیکی اور سائنسی بنیادوں پر انجام دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ چھاپے جنگجوؤں اور ان کے اعانت کاروں کے درمیان پیدا ہونے والے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لئے ڈالے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چھاپوں کے دوران ایس آئی یو کی ٹیم نے مختلف نوعیت کا قابل اعتراض مواد بر آمد کیا جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ یو اے (پی) ایل کے تمام مقدموں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے ان چھاپوں کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔