صاحب ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں اور … اور بالکل بھی نہیں کہہ رہے ہیں کہ اپنے رینہ جی … رویندر رینہ جی جھوٹ کہہ رہے ہیں‘ سچ نہیں کہہ رہے ہیں… نہیں صاحب ہم یہ کہنے کا رسک نہیں لے سکتے ہیں اور… اور بالکل بھی نہیں لے سکتے ہیں ۔ جب رینہ جی یہ کہہ رہے ہیں کہ امیت بھائی شاہ کے کشمیر دورے کے بعد کشمیر کی سیاسی تصویر بدل جائے گی … کشمیر کا سیاسی منظر نامہ بدل جائیگا تو… تو ممکن ہے کہ یہ جناب سچ بول رہے ہوں ‘ صحیح کہہ رہے ہوں… ویسے ہم تو یہ بات ایک دو دن پہلے ہی اسی جگہ پر لکھ چکے ہیں کہ کشمیر کا سیاسی منظر نامہ بدل گیا ہے… لیکن … لیکن کیا اس بدلے ہو ئے سیاسی منظر نامے کا کوئی سیاسی فائدہ بی جے پی کو ملے گا… کشمیر میں ملے گا …ہم نہیں جانتے ہیں اور… اور بالکل بھی نہیں جانتے ہیں ۔کیا کشمیرمیں بی جے پی کیلئے زمین ہموار ہو رہی ہے ‘ اس بات کی بھی ہمیں خبر نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ… کی اگر ہمیں کسی بات کی خبر ہے‘ اگر ہم کچھ جانتے ہیں تو … تو صرف یہ جانتے ہیں کہ کشمیر میں آئے روز کوئی نہ کوئی کسی سیاسی جماعت میں شامل ہو رہا ہے… کوئی اپنی پارٹی میں تو … تو کوئی سجاد لون کی جماعت میں … یہ لوگ این سی اور پی ڈی پی سے مستعفی ہو کر ان دو جماعتوں میں داخل ہو رہے ہیں… خاص کر اپنے بخاری صاحب کی اپنی پارٹی میں ۔ اور کیا پتہ کہ اب آزاد صاحب کی آزاد جمہوری پارٹی میں بھی لوگ شامل ہو جائیں … ممکن ہے کہ ایسا ہی ہو … لیکن… لیکن صاحب جہاں تک بی جے پی کا تعلق ہے…کشمیر میں بی جے پی کا سوال ہے تو اس میں کوئی شامل نہیں ہو رہا ہے… کوئی پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس سے نکل کر اس میں شامل نہیں ہورہا ہے … بی جے پی کے مقابلے میں پیپلز کانفرنس اور اپنی پارٹی دونوں چھوٹی نہیں بلکہ بہت بہت چھوٹی پارٹیاں ہیں…لیکن اس کے باوجود دَل بدلو ا ن دو چھوٹی جماعتوں میں شمولیت اختیار کررہے ہیں… لیکن بی جے پی میں نہیں ‘ بالکل بھی ۔ یقینا جموں میں لوگ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں‘ لیکن کشمیر میں نہیں …کیوں نہیں ہو رہے ہیں‘ ہم نہیں جانتے ہیں… لیکن اگر نہیں ہو رہے ہیں تو… تو صاحب یہ بات یقینا کسی بات کی چغلی کھارہی ہے اور…اور سو فیصد کھا رہی ہے ۔ کس بات کی؟آپ خود فیصلہ کیجئے ۔ہے نا؟