نئی دہلی// دہلی پردیش کانگریس نے سیوریج پلانٹ میں مرنے والے دو لوگوں کے لواحقین کو معاوضہ اور نوکری دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔
ریاستی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ منڈکا کے سیوریج پلانٹ میں دو لوگوں کی موت کا نوٹس لیتے ہوئے ہائی کورٹ نے دس دس لاکھ روپے معاوضہ اور ہمدردی کی بنیاد پر نوکری دینے کا فیصلہ دیا ہے ۔ اس کے لئے وہ عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے میں سب سے بڑی بات یہ ہے کہ عدالت نے دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی-ڈی ڈی اے کو 30 دنوں کے اندر خاندان کے افراد کو معاوضہ اور ہمدردانہ ملازمتیں فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ ریاستی صدر چودھری انیل کمار کی قیادت میں دہلی پردیش کانگریس نے اس معاملے کو اٹھایا ہے اور اس کے نتیجے میں یہ معاملہ اخبارات میں سرخیوں میں آیا اور یہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس ستیش شرما کے نوٹس میں آیا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ دہلی کے اندر جو جنگل راج چل رہا ہے وزیر اعلی اروند کیجریوال، ان کے وزراء اور ایم ایل اے سوگوار خاندانوں کے دکھ درد میں شریک ہونے تک نہیں گئے ۔