نئی دہلی// نامور مزاح نگار راجو شریواستو کا بدھ کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، نئی دہلی میں انتقال ہوگیا۔
ان کی عمر 58 سال تھی۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے ۔
صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، کئی سیاست دانوں اور بالی ووڈ اداکاروں اور اداکاراؤں نے راجو سریواستو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
ایک تعزیتی پیغام میں مسز مرمو نے کہا، "ممتاز کامیڈین راجو سریواستو جی کا بے وقت انتقال انتہائی افسوسناک ہے ۔ ان کے پاس اپنی مزاحیہ اداکاری سے سامعین کو مسحور کرنے کا انوکھا ہنر تھا۔ ان کے اثر و رسوخ کی وجہ سے ہندوستان میں کامیڈی کے اسٹیج کو ایک نئی پہچان ملی۔ ان کے خاندان اور مداحوں سے میری تعزیت۔”
مسٹر مودی نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ راجو شریواستو کی مزاحیہ اور مثبت فطرت لوگوں کی زندگیوں میں خوشیاں لائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد ہم سے رخصت ہو گئے لیکن اپنے کام کی طاقت سے وہ لاتعداد لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے ۔ ان کا انتقال افسوسناک ہے ۔ ان کے اہل خانہ اور مداحوں سے تعزیت۔ اوم شانتی۔”
اپنے تعزیتی پیغام میں مسٹر شاہ نے کہا، "معروف مزاح نگار راجو سریواستو جی کا منفرد انداز تھا، انہوں نے اپنی حیرت انگیز صلاحیتوں سے سب کو متاثر کیا۔ ان کا انتقال فن کی دنیا کا بہت بڑا نقصان ہے ۔ میں ان کے خاندان اور مداحوں سے تعزیت کرتا ہوں۔ بھگوان ان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے ۔ اوم شانتی شانتی۔”
وزیر دفاع سنگھ نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں کہا، ‘‘معروف کامیڈین راجو شریواستو جی کے انتقال سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے ۔ وہ ایک ماہر فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ بہت زندہ دل انسان بھی تھے ۔ وہ سماجی میدان میں بھی کافی سرگرم تھے ۔ میں ان کے سوگوار خاندان اور مداحوں سے تعزیت کرتا ہوں۔ اوم شانتی!