سرینگر//
جموںکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سرینگر میں نماز مغرب سے قبل ہی پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہونے سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
عوا می حلقوں نے آر ٹی او کشمیر سے فوری اصلاح کا مطالبہ کیا ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ شہر سرینگر کے مختلف روٹوں پر نماز مغرب کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہونے سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہوناپڑرہا ہے ۔
ارشاد حسین نامی ایک سرکاری ملازم نے بتایا کہ سورج غروب ہونے سے قبل ہی شہر سرینگر میں ٹرانسپورٹ بند ہونے سے اُنہیں گھر تک پیدل جانا پڑتا ہے ۔
حسین نے کہاکہ شہر کے مختلف روٹوں پر شام کے اوقات میں ٹرانسپورٹ سروس بند ہونے سے آٹو رکشا والے مسافروں سے من مانی کرایہ وصولتے ہیں ۔اُن کے مطابق متعلقہ محکمے کو بھی اس بارے میں آگاہ کیا گیا لیکن وہ کچھ بھی کرنے سے قاصر نظر آرہے ہیں۔
طابش بشیر نامی ایک طالب علم نے بتایا کہ شہر میں نماز مغرب سے قبل ہی پبلک ٹرانسپورٹ گدھے کے سینگ کی طرح غائب ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ صورتحال اس نہج تک پہنچ چکی ہے کہ ملازمین، طالب علم اور مزدوروں کو پیدل مسافت طے کرنے پر مجبور ہوناپڑرہا ہے ۔
مذکورہ طالب علم نے آر ٹی او کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر سری نگر کی اہم شاہراہوں پر کم سے کم نماز عشاء تک پبلک ٹرانسپورٹ بحال رہنا چاہئے ۔