نئی دہلی// دہلی حکومت نے سرائے کالے خان ٹی۔ جنکشن کو جام سے پاک بنانے کے لیے آئی ٹی او سے آشرم جانے والی گاڑیوں کے لیے 550 میٹر طویل تین لین فلائی اوور بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور تعمیرات عامہ کے وزیر منیش سسودیا نے منگل کو 65.55 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اس فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر مسٹر سسودیا نے کہا کہ رنگ روڈ پر سرائے کالے خان ٹی جنکشن نئے فلائی اوور کی تعمیر سے سگنل فری کوریڈور بن جائے گا، جس سے مسافروں کے وقت کی بچت ہوگی اور ایندھن کی کھپت میں بھی کمی ہوگی۔ فلائی اوور کی تعمیر سے رنگ روڈ پر ٹریفک کی روانی میں آسانی رہے گی۔ اس کے علاوہ روزانہ پانچ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں بھی کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ اس سے لوگوں کو سالانہ 19 کروڑ روپے کی بچت ہوگی اور اس منصوبے کی کل لاگت صرف ساڑھے تین سال میں نکل آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 550 میٹر طویل یہ تین لین فلائی اوور ایک سال میں تیار ہو جائے گا۔ فلائی اوور کی تعمیر کے بعد آئی ٹی او سے آشرم جانے والی لاکھوں گاڑیں کو روزانہ جام سے نجات ملے جائے گی۔
مسٹر سسودیا نے کہا کہ سرائے کالے خان ٹریفک کے لحاظ سے دہلی کے مصروف ترین علاقوں میں سے ایک ہے اور آنے والے وقت میں ٹریفک کا بوجھ بڑھے گا۔ یہاں پہلے سے ہی ایک ریلوے اسٹیشن، میٹرو اسٹیشن اور بین ریاستی بس اسٹینڈ موجود ہے اور یہاں ریپڈ ریل ٹرانزٹ سسٹم بنایا جا رہا ہے ۔ جس کی وجہ سے سرائے کالے خان ایک منفرد ٹرانسپورٹ ہب کے طور پر ترقی کرے گا اس لیے یہاں ٹریفک کو ہموار بنانے کے لیے آج یہاں نئے فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔ جب تک ریپڈ ریل ٹرانزٹ سسٹم تیار ہو گا، نیا فلائی اوور بھی تیار ہو جائے اور ٹریفک آسانی سے چل سکے ۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال آشرم سے آئی ٹی او جانے والی ٹریفک کے لئے فلائی اوور موجود ہے لیکن مخالف سمت میں آئی ٹی او سے آشرم جانے والی ٹریفک کو یہاں ٹی جنکشن پر ریڈ لائٹ پر رکنا پڑتا ہے جس سے ٹریفک جام ہو جاتا ہے ۔ مسافروں کو اس جام سے نجات دلانے کے لیے 3 لین کا 550 میٹر طویل فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ موجودہ سڑک کو چوڑا کرنے ، اس کی مضبوطی، پیدل چلنے والوں کے لیے فٹ پاتھ کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بیوٹیفکیشن کا کام بھی کیا جائے گا۔